اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف 8 ارب سے زائد روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کا نیب ریفرنس،آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بریت کی اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کر دی . درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے .
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا ہے آصف زردای احتساب عدالت سے نئے قانون کے تحت ریلیف کیلئے درخواست دیں گے .
نئی درخواست دینے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم امتناع ختم کرانا لازم تھا . یاد رہے کہ آصف زرداری کی درخواست بریت گزشتہ سال نیب کورٹ نے مسترد کی تھی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کیا تھا .
واضح رہے کہ اس سے پہلے نیب قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف،سابق وزیر اعلٰی پنجاب حمزہ شہباز،راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کئے .
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس کر دیا گیا . اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا . اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس ہو گیا . نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ اسکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے .
. .