کویت سٹی (قدرت روزنامہ) خلیجی ملک کویت میں غیرملکی ملازم پر مقامی شہری کے تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی . مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز پرایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ملک کی ایک کوآپریٹو سوسائٹی میں ایک غیر ملکی ملازم پر کویتی شہری کو تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے .
المجلس اخبار نے رپورٹ کیا کہ ویڈیو کلپ میں شہری کارکن کو اس کے کپڑوں سے پکڑ کر اپنی طرف کھینچتا، مارتا اور چیختا چلاتا نظر آرہا ہے، اس دوران ایک دوسرے ملازم نے صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن کویتی شہری نے اسے بھی دھکیل کر دور کردیا تاہم دونوں فریقین کے درمیان جھگڑے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا .
کویتی وزارت داخلہ کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ مقامی شہری کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے غیرملکی کارکن نے تھانے میں شکایت درج کرائی، جس کے بعد واقعے کے حوالے سے ضروری قانونی کارروائی شروع کردی گئی .
ادھر کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے آجروں کو کارکنوں کی تنخواہیں مقررہ تاریخ سے 7 دن پہلے بینکوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کردی، پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (PAM) نے آجروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تنخواہیں مقررہ تاریخ سے سات دن پہلے مقامی بینکوں میں منتقل کر دی جائیں، ایک پریس بیان میں پی اے ایم نے اکتوبر میں ’آشال‘ پلیٹ فارم پر تنخواہوں کا فالو اپ سسٹم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا .
اتھارٹی میں افرادی قوت کے تحفظ کے شعبے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فہد المراد نے وضاحت کی ہے کہ یہ نظام کو اپ ڈیٹ کرنے کے بعد اگلا قدم ہے تاکہ آجروں کے لیے آن لائن تنخواہوں کی نگرانی، تنخواہوں کی منتقلی اور تنخواہوں میں کٹوتیوں کی موجودہ وجوہات اور درخواستوں کی پیروی کرنا آسان بنایا جا سکے . المراد نے متنبہ کیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں غلطی کرنے والے آجر کی فائل خود بخود بند ہو جائے گی اور مؤخر الذکر کو نئے کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، غلطی کرنے والے آجر کی جانب سے خلاف ورزی کا ازالہ کرنے کے بعد فائل خود بخود کھل جائے گی .
. .