کراچی میں بلدیاتی انتخابات تیسری بار ملتوی ہونے کا خدشہ، پولیس اور دیگر صوبائی محکموں نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی مخالفت کردی
کراچی(قدرت روزنامہ) کراچی میں بلدیاتی الیکشن تیسری بار ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پولیس نے کہاہے کہ سیلاب کی وجہ سے فوری طور پر اہل کار دستیاب نہیں ہوسکیں گے . تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے .
پولیس اور دیگر صوبائی محکموں نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی مخالفت کردی ہے .
محکموں اور پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فورس دستیاب نہیں کرسکتے، جس کے بعد پولیس حکام نے سندھ حکومت کو آگاہ کردیاہے . واضح رہے کہ دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں پولنگ ہونی تھی . 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 20 جولائی کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ملتوی کرکے 28 اگست کو کرانے کا اعلان کیا تھا . تاہم بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی کردیئے گئے تھے . رواں سال جون میں ہونے والے سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری رہا .