عمران خان پر سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے اور آئین توڑنے پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے، سعیدغنی
کراچی(قدرت روزنامہ) وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ عمران خان پر سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے اور آئین توڑنے پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہیے، کراچی میں بدامنی سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے تاحال مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ منظور نہیں کیا . صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے جمعہ کو کراچی ایکسپوسینٹرمیں 3روزہ فرنیچرنمائش کا اٖفتتاح کیا .
اس موقع پر تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی مفادات عزیز ہیں، ہم حلف کا پاس رکھتے ہیں، عمران خان نے تقاریر میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی متعدد بار خلاف ورزی کی، ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے پر عمران خان کو گرفتار کرنا چاہیے جبکہ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ عمران خان نے آئین کی خلاف ورزی کی .
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسا لاڈلہ ہے کہ یہ ملکی مفادات کے خلاف بات کرے تو اس سے کوئی نہیں پوچھتا،ان پرآئین پاکستان توڑنے پر غداری کا مقدمہ ہونا چاہئے،وہ اس قابل نہیں ہیں کہ اپنی سیاست کو آگے چلائیں،کون نہیں جانتا کہ2018میں عمران خان کو زبردستی جتوایا گیا .
صوبائی وزیر نے کہاکہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیں الیکشن جتوائے نہ ہم نے عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے لینے ہیں،عمران خان کو جیل میں ڈال کر اس کی رات کی دوائی بند کی جائے، ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں ہیں اور عمران خان تماشہ لگاتے پھر رہے ہیں . انہوں نے کہاکہ علیمہ خان نے اپنی جائیدادیں چھپائیں، عمران خان کی حکومت میں منسٹری اسکیم کے ذریعے تحریک انصاف کے بہت لوگوں نے اپنا کالا دھن سفید کروایا، شیریں مزاری کو پکڑا تو رات کو عدالت لگتی ہے، عمران خان کے حق میں فیصلے ہوتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ عدالت نے جس طرح عمران خان کے مخالفوں سے برتائو کیا، ویسے ہی عمران خان کے ساتھ بھی وہ سلوک کرنا چاہئے تھا، عمران خان کا ذریعہ معاش کیا ہی . ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مرتضی وہاب کا استعفیٰ اب تک قبول نہیں کیا ہے . . سعیدغنی نے کہاکہ کراچی ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر بڑے ملک میں جرائم ہوتے ہیں . ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی میں جرائم کو کم کریں .