خاتون ایڈیشنل سیشن جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد پولیس نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے .

ایکسپریس نیوز کے مطابق زیبا چوہدری دھمکی کیس میں اسلام آباد پولیس نے مقدمہ نمبر 407 تھانہ مارگلہ میں درج مقدمہ میں وارنٹ گرفتاری حاصل کئے .

عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں پینل کوڈ کی دفعہ 188\189 اور 504\506 کے تحت مقدمہ درج ہے، تھانہ مارگلہ میں عمران خان کے خلاف مقدمہ 20 اگست کو دائر کیا گیا تھا .
پولیس کی درخواست پر علاقہ مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے .

پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو فوری بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد قیادت نے رہنماؤں اور پی ٹی آئی کارکنان کو فوری طور پر بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے . پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر حکومت نے کوئی مس ایڈونچر کیا تو حالات کی ذمہ دار خود ہی ہوگی‘ .

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اگر انہوں نے عمران خان کو گرفتار کیا تو بہت پچھتائیں گے . انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ پاکستان کے عوام جاگ رہے ہیں، ایسا کرنے کا سوچنا بھی نہیں .

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہے، مقدمے میں شامل دہشت گردی کی دفعات دفعات ہائی کورٹ نے ختم کردیں تھیں اور پھر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمہ سیشن کورٹ کو منتقل کردیا تھا .

سیشن کورٹ میں مقدمہ منتقلی کے بعد عمران خان کا ضمانت کرانا ضروری ہے کیونکہ مقدمہ سیشن کورٹ منتقل ہونے کے بعد عمران خان کی پہلے سے لی گئی ضمانت غیر مؤثر ہوگئی ہے .

. .

متعلقہ خبریں