اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کی امداد میں 5 گنا اضافہ کردیا ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد 16 کروڑ سے بڑھا کر81 کروڑ سے زائد کردی گئی، پاکستان میں بدترین سیلاب سے1700 افراد کی اموات ہوچکی ہیں اور لوگوں کے گھر تباہ ہوچکے ہیں . دنیا نیوز کے مطابق ہاکستان میں شدید بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے سے بدترین سیلاب نے تباہی مچا دی، سیلاب سے تقریبا1700 افراد کی اموات ہوچکی ہیں .
سیلاب سے 33 ملین شہری متاثر ہوئے، 20 لاکھ سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا اور لاکھوں افراد بےگھر ہوکر ابھی تک خیموں میں مقیم ہیں . اقوام متحدہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پانچ گنا بڑھا دی ہے . سیلاب متاثرین کیلئے امداد 16 کروڑ سے بڑھا کر81 کروڑ سے زائد کردی گئی ہے .
حکومت پاکستان اوراقوام متحدہ نے سیلاب کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ قرار دیا ہے .
پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے رابطہ افسر جولین ہارنائس نے جنیوا میں بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ نے پاکستان کی سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کے پیش نظر امداد کو 16 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 81 کروڑ سے زائد کردیا ہے . دوسری جانب محکمہ صحت نے کہا ہے کہ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی و دیگر امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، سانس کے مختلف امراض میں مبتلا 8 ہزار 206 افراد کو طبی امداد دی گئی .
سیلاب متاثرین میں جلدی امراض کے 6 ہزار 762 مریض، ڈائریا کے 6 ہزار 206 مریض، ملیریا کے 5 ہزار 212 مریض اور ڈینگی کا ایک مریض رپورٹ ہوا . حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سندھ کے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں میں 11 ہزار 252 مریضوں کو طبی امداد دی گئی، یکم جولائی سے اب تک سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 35 لاکھ 28 ہزار 441 افراد کو مختلف امراض کے لیے طبی امداد دی گئی ہے . حکام کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے اب تک سگ گزیدگی کے 703 اور سانپ کاٹے کے 134 کیسز بھی رپورٹ ہوچکے ہیں .