اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی سندھ حکومت کی درخواست مستر د کردی ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا .
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے .
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کراچی میں الیکشن کے دوران پولیس تعیناتی کو یقینی بنائے . یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ پولیس نے تین ماہ کیلئے انتخابات میں سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی،کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں تین ماہ کے لیے انتخابات مؤخر کیے جائیں جبکہ سندھ پولیس نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی دینے سے معذرت کی .
اے آئی جی آپریشنز حیدر رضا نے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ 23 اکتوبر کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں لیکن اس کے لیے فول پروف سکیورٹی کا انتظام ممکن نہیں . خط میں کہا گیا کہ کراچی پولیس کی اپنی نفری سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروف ہے . سکیورٹی کے لیے جو منصوبہ بندی کی گئی تھی اس کے لیے کم از کم ساڑھے 16 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے جس کے باعث کراچی پولیس کے لیے انتظامات کرنا نا ممکن ہے .
خط میں مزید کہا گیا کہ نجی سکیورٹی گارڈز ممکن نہیں ہیں کہ وہ کراچی پولیس کو مل سکیں . محکمہ داخلہ سندھ سے استدعا کی گئی کہ کم از کم 3 ماہ کے لیے انتخابات کو آگے بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ کوارٹرز سے یہ معاملہ بھی اٹھائیں . واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کراچی میں 23 اکتوبرکو بلدیاتی انتخابات کرانےکا اعلان کر رکھا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے اب کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی سندھ حکومت کی درخواست مستر د کردی .