لندن پلان کے تحت شہبازشریف کی چھٹی ہونے والی ہے

پشاور(قدرت روزنامہ) ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ عوام کے ساتھ ایک اور دھوکے کی تیاری ہو رہی ہے . انہوں نے کہا کہ آئینی اداروں کو استعمال کرکے عمران خان کو سیاسی عمل سے الگ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا .

مریم نواز کے کیسز ختم کرانا، پاسپورٹ ملنا اور لندن جانا معنی خیز ہے،لندن پلان کے تحت شہبازشریف کی چھٹی ہونے والی ہے،مفتاح اسماعیل کے بعد شہباز شریف کو بھی پویلین بھیجا جارہا ہے .
مریم نواز کو عوام اور ملک پر مسلط کرنے کی تیاری ہورہی ہے . خیال رہےکہ نائب صدر ن لیگ بھی لندن روانہ ہو گئیں . مریم نواز لاہور ایئرپورٹ سے قطر ایئر کی پرواز 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئیں، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور ایک ملازمہ بھی ان کے ساتھ روانہ ہوئی ہیں، مریم نواز 3 سال بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گی جبکہ اپنے بھائیوں سے بھی تقریباً 4 سال بعد ملیں گی .
مریم نواز کی واپسی ایک ماہ بعد 6 نومبر کو شیڈول ہے، نوازشریف کا مریم نواز کے ساتھ واپس آنے کا امکان ہے . لیگی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد سے ملنے کے لئے بے چین ہوں، احساسات بیان نہیں کر سکتی . مریم نواز سے قطر ایئرپورٹ پر ایک پاکستانی نے تیس سالہ حکومتی کارکردگی اور بیرون ملک علاج کے حوالے سے سوال کرلیا . قطر ایئر پورٹ پر ایک پاکستانی نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’آپ تیس سال سے اقتدار میں ہیں کوئی اسپتال ایسا کیوں نہ بنایا جہاں علاج ہوسکے‘ .
پاکستانی نے سوال کیا کہ آپ کو علاج کرانے لندن جانے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے . یہ سوال سن کر مریم نواز بغیر جواب دیے آگے بڑھیں اور لفٹ میں سوار ہوکر اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئیں . واضح رہے کہ مریم نواز لندن پہنچنے کے بعد اپنے والد سے ملاقات کریں گی اور پھر وہاں اپنی سرجری کے حوالے سے بھی ڈاکٹرز سے مشاورت کریں گی .

. .

متعلقہ خبریں