مرادن(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کرپٹ ہوتا تو نوازشریف کی طرح دم دبا کربھاگ جاتا، مجھ پر ہر روز ایف آئی آر کٹتی ہے میں کیوں لندن نہیں بھاگا؟ میں عدالت اور سڑکوں پر ان چوروں کا مقابلہ کرتا ہوں . انہوں نے مردان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا قاسم سے میرا سوال ہے کہ اللہ تعالیٰ کا قرآن میں حکم ہے کہ تم نے حق اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، برائی اور باطل کا مقابلہ کرنا ہے، آپ کو کہیں اجازت نہیں کہ جب اچھائی برائی کا مقابلہ ہو تو نیوٹرل ہوجاؤ .
مولانا قاسم اپنے گھر والوں سے پوچھو کہ نوازشریف اور زرداری خاندان جو 30سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں کیا یہ دونوں خاندان ایماندار ہیں؟ 26سال قبل میں سیاست میں صرف ایک وجہ سے آیا تھا یہ ملک کو کنگال کرکے مقروض کررہے تھے، پیسا چوری کرکے باہر لے کر جارہے تھے، میں اس لیے سیاست میں آیا تھا، جب آپ انصاف اور قانون کا نظام قائم کرتے ہیں تو وہ ملک خوشحال ہوتا ہے، میں ساری دنیا پھرا ہوا ہوں، مجھے کوئی ایک ملک بتائیں جن کی لیڈرشپ کرپٹ ہو اور وہ ملک خوشحال ہو، مولانا قاسم میں آج میں سب لے سامنے کھڑا ہوکر کہہ رہا ہوں کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف اور زرداری خاندان ایماندار ہے تو میں سب کو کہتا ہوں ان کو ووٹ دے دو، لیکن مولانا قاسم صاحب ان کی چوری پر کتابیں ہیں، بی بی سی نے فلمیں بنائی ہوئی ہیں .
انہوں نے کہا کہ مولانا قاسم مجھ کو بتائیں مجھ پر ہر روز ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے میں کیوں لندن نہیں بھاگ جاتا؟میں کیوں ملک چھوڑ کر نہیں جاتا، عدالت میں بھی ان چوروں کا مقابلہ کرتا ہوں اور قوم کو بھی جگاتا رہوں گا، کہ میری قوم کا کوئی مستقبل نہیں جس قوم پر اربوں روپے چوری والے کیسز مسلط ہوں . مولانا قاسم آپ کس طرح ان چوروں کے ساتھ کھڑے ہیں؟ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کرپٹ ہے تو پھر ان کے ساتھ چلے جائیں لیکن اگر عمران خان کرپٹ ہوتا تو نوازشریف کی طرح بھاگ جاتا؟ انہوں نے کہا کہ میں سب کی ذمہ داری لگا رہاہوں کہ گھر گھر جاکر لوگوں کو جگانا ہے، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، آپ نے جعلی ووٹوں کے باوجود ان کو شکست دینی ہے .