نیویارک(قدرت روزنامہ) دنیا میں ہرہفتے فریج میں رکھا ہزاروں لاکھوں کلوگرام کھانا، پھل اور سبزیاں کچرے میں پھینکی جاتی ہیں . اب ایک چھوٹا سا آلہ کھانے کو تادیر تازہ رکھتے ہوئے اس نقصان کو کم کرسکتا ہے اور دوسری جانب ریفریجریٹر کی بو بھی کم کرسکتا ہے .
یہ ایک چھوٹا سا آلہ ہے جو فوٹوکیٹےلسٹ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے اورفریج میں رکھی ہر شے میں بو روکتا ہے اور بیکٹیریا کی پیداوار سست کردیتا ہے . اس طرح پھلوں، سبزیوں، کھانوں اور مشروبات وغیرہ کی معیاد بڑھ جاتی ہے . اس طرح خوراک کا خرچ کم ہوجاتا ہے اور کھانے کا زیاں بھی نہیں ہوتا .
بس آپ کو اتنا کرنا ہوگا کہ چارج شدہ شیلفی آلہ آن کرکے فریج میں رکھ دیں . فریج میں اشیائے خوردونوش کی مقدار کے تحت آپ اس کے مختلف آپشن سیٹ کرسکتے ہیں . پھر نینومٹیریئل سےتیارشدہ فوٹوکیٹے لِسٹ فریج کی آلودگی، بیکٹیریا اور بو وغیرہ جذب کرنے لگتا ہے . بعد میں آپ سادہ پانی سے دھوکر اسے دوبارہ استعمال کرسکتے ہیں .
اس میں لگے فلٹرز کی اطراف سرامک میٹیریئل لگایا گیا ہے جو اس کی افادیت بڑھاتا ہے . دوسری جانب بیٹری اور پنکھے کی باوجود یہ آواز خارج نہیں کرتا اور پرسکون انداز میں اپنا کام کرتا رہتا ہے . جب فریج کی اندرونی ہوا اس کےاندر سے ہوکر باہر نکلتی ہے تو فلٹر ہوجاتی ہے اور نتیجے کے طور پر بیکٹیریا اور بو کا یقینی خاتمہ ہوتا ہے .
کمپنی کے مطابق یہ فریج کی بو کو 80 فیصد تک ختم کردیتا ہے اور بیکٹیریا کی تعداد دسویں حصے تک ہی رہ جاتی ہے . پھر آپ اسے ایپ سے دیکھ سکتے ہیں اور کںٹرول بھی کرسکتےہیں . اگر کوئی سبزی دس روز بعد مرجھانا شروع کردے تو شلیفی اس کی معیاد 22 روز تک بڑھا دیتا ہے . عام حالات میں اسٹرابری چوتھے روز خراب ہوجاتی ہے لیکن شیلفی اسے دس روز تک تروتازہ رکھتا ہے . اسی طرح ٹماٹر کی معیاد 14 روز سےبڑھا کر 22 روز تک نوٹ کی گئی ہے . مئی 2023 تک یہ ایجاد دستیاب ہوگی اور فی الحال کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر اس کی تعارفی قیمت 94 یورو یعنی 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے .