خیبرپختونخوا کے پولیس اہلکاروں کو لانگ مارچ میں شرکت سے روک دیا گیا

پشاور (قدرت روزنامہ) صوبہ خیبرپختونخوا کے پولیس اہلکاروں کو لانگ مارچ میں شرکت سے روک دیا گیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ کے حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس نے جوانوں اور افسران کے لئے ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا کہ لانگ مارچ میں کوئی اہلکار سرکاری ڈیوٹی کے علاوہ پنجاب میں داخل نہیں ہوگا، کے پی پولیس کا کوئی اہلکار دھرنے اور احتجاج میں بطور شرکاء حصہ نہیں لے سکتا .


بتایا گیا ہے کہ پولیس افسران کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت احتجاج کا طریقہ کار وضع ہے، کوئی بھی سرکاری ملازم احتجاج کا حصہ نہیں ہوگا، کوئی بھی پولیس اہلکار اپنے علاقے سے تجاوز نہیں کرے گا اور قانون کے مطابق پولیس اہلکار صرف اپنی ڈیوٹی تک محدود رہیں گے .
ادھر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا، پی ٹی آئی نے نئے شیڈول میں جہلم تک کا پلان جاری کیا ہے، جس کے تحت تحریک انصاف کا لانگ مارچ اتوار کو جہلم پہنچے گا جب کہ عمران خان آج چن دا قلعہ سے مارچ شروع کرکے گوندالا والا باغ پر ختم کریں گے، لانگ مارچ کل ہندی بائی پاس سے شروع ہو کر گکھڑ منڈی پر اختتام پذیر ہو گا .

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز لانگ مارچ کی طرف سے وزیر آباد سے گجرات تک کا سفر طے کیا جائے گا، جمعے کو لانگ مارچ گجرات سے لالہ موسیٰ پہنچے گا، ہفتے کے روز لانگ مارچ کھاریاں سے ہو کر سرائے عالمگیر پہنچے گا، اتوار کوسرائے عالمگیر سے لانگ مارچ جہلم تک کا سفر طے کرے گا . دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بناکر دے دیا، عمران خان نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، ایک دم سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا منصوبہ ہے، دو آپشن تھے جلدی کر کے جمعے تک اسلام آباد پہنچیں یا دن زیادہ لگتے ہیں تو لگ جائیں، صورتحال دیکھ کرہی حکمت عملی طے ہوتی ہے .

. .

متعلقہ خبریں