موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان میں مزید لاکھوں افغان مہاجرین کی آمد کا امکان ، انتظامات مکمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)افغانستان میں موجودہ تشویشناک صورتحال کے بعد افغان باشندے ڈر اور خوف کی وجہ سے انخلا کررہے ہیں، پاکستان جہاں پہلے ہی افغان مہاجرین کی بڑی تعداد موجود ہے مزید سات لاکھ افغان مہاجرین کی آمد متوقع ہے، جس کے لئےپاکستان نے انتظامات مکمل کرلیے ہیں . افغان کمشنریٹ نے تین کراسنگ پوائنٹس کےقریب مہاجر کیمپوں کے لیے مقامات کی نشاندہی کرلی ہے،اس حوالے سے طور خم بارڈرکے قریب ضلع خیبر، غلام خان بارڈرکے قریب شمالی وزیرستان میں کیمپ لگائے جائیں گے،چترال میں ارندو کراسنگ پوائنٹ کے قریب بھی ضرورت کے تحت مہاجر کیمپ لگایا جائے گا .

کمشنرافغان مہاجرین عباس خان نے بتایا کہ پاکستان نے مزید افغان مہاجرین کو آنے کی اجازت نہ دینےکا فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی انسانی المیے سے بچنے کیلئے تیاری کرلی ہے . وزرا اور حکومتی مشیر باور کراچکے ہیں کہ مزید افغان مہاجرین کی آمد قبول نہیں کرینگے،مشیرقومی سلامتی معید یوسف دورہ امریکا کے دوران یہ بات واضح کرچکے تھے کہ پاکستان مزید افغان پناہ گزینوں کا بوجھ نہیں اٹھاسکتا، جب کہ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کچھ روز قبل واضح کیا تھاکہ کوئی افغان مہاجر پاکستان نہیں آرہا . دوسری جانب البانیہ کے وزیراعظم اعلان کرچکے ہیں کہ وہ افغان مہاجرین کو عارضی پناہ فراہم کرے گا،جن میں افغان خواتین رہنماء،سرکاری ملازمین شامل ہونگے،البانیہ کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نیٹو کا رکن ہونے کے ناطے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے . ادھر امریکا نے البانیہ سے کہا کہ وہ مہاجرین جو افغانستان سے امریکا آنا چاہتے ہیں انہیں ٹرانزٹ کے طور پر پناہ فراہم کرے،البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا جانے والے سیاسی پناہ گزینوں کو البانیہ آنے کی اجازت دے گا . . .

متعلقہ خبریں