’32 پیسے کی بھی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں‘ ن لیگ کا حکومت کو چیلنج

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کو چیلنج کیا ہے کہ 32 پیسے کی بھی کرپشن ثابت کرکے دکھائیں . تفصیلات کے مطابق لاہور میں ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف اور میرے خلاف نیا اسکینڈل کھڑا کر دیا گیا جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف نے میرے بھائی کو نوازا ، حکومت کو چیلنج ہے وہ ثابت کرے کہ 3200 ارب روپے میں 32 پیسے کی بھی کرپشن کی ہو ، ہم ان جھوٹے مقدمات کا مقابلہ کریں گے ، ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا ، کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا ، ہماری غلطی تھی کہ ہم نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی نہیں کی ، حالاں کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے لوگوں کو ناصرف جیل جانا چاہیئے تھا بلکہ سزائیں بھی ہونی چاہئیں تھیں .

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملکی قرضوں میں ایک کھرب سے زیادہ کا اضافہ ہوچکا ہے ، عوام کو صرف بد ترین مہنگائی ملی ہے ، کون کہتا ہے کہ عمران خان ایماندار ہیں؟ عمران خان مافیا کے سرپرست ہیں، میں عمران خان سے زیادہ انکم ٹیکس دیتا ہوں لیکن کرائے کے مکان میں رہتا ہوں . علاوہ ازیں حکومت مخالف تحریک کے لیے معرض وجود میں آنے والے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے ایک بار پھر انتخابی اصلاحات مسترد کردیں ، حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا بھی اعلان کر دیا ، سفارشات حتمی منظوری کے لیے 28 اگست کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی . پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ن لیگ سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا ، جس میں مشاورت کے بعد پی ڈی ایم نے حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے اور حکومت مخالف جلسے شروع کرنے کا اعلان کیا ، اس سلسلے میں پہلا جلسہ 29 اگست کو کراچی میں ہوگا ، حکومت مخالف تحریک کے آئندہ مراحل اور ملک گیر جلسوں پر تفصیلی مشاورت اور میثاق پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی . . .

متعلقہ خبریں