بولان سے6 پشتونو ں کا اغوا افسوس ناک ہے،پشتونخوا میپ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز مچھ میں مختلف کوئلہ کانوں سے 6پشتون مزدوں کے اغواء کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ہے . بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک عرصے سے صوبے کے مختلف کانکنوں کو اغواء کرنے، انہیں قتل کرنے، مائنز مشینری کو نذرآتش کرنے کے واقعات رونماء ہورہے ہیں جبکہ آج تک کسی بھی واقعہ کے ملزم کو نہ ہی گرفتار کیا گیا اور نہ ہی انہیں بے نقاب کرکے عوام کے سامنے لایا گیا ہے .

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال بھی مچھ میں 11کان کنوں کو اغواء کے بعد قتل کیا گیا تھا جن کے قاتلوں کو آج تک قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا اور امسال پھر سے تین کوئلہ کے الگ الگ مائنز سے 6کان کنوں کو اغوا کیا گیا ہے جو کہ تاحال لاپتہ ہے . بیان میں کہا گیا ہے سیکورٹی فورسز بالخصو ص ایف سی کی ہر علاقے میں موجودگی،عوامی خزانے سے سالانہ اربوں روپے کی خطیر رقم کی ادائیگی اور مختلف ناموں سے ٹیکسزکے نام پر زبردستی بھتہ وصولی کے باوجود مائنز مالکان، مزدوروں کے جان ومال کو کوئی تحفظ حاصل نہیں اور صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام کے جان ومال کی تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں . بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اغواء ہونیوالے 6کان کنوں کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور اس ناروا عوام دشمن اقدام میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے .

. .

متعلقہ خبریں