سابق وزیراعظم کے دورہ روس کے تازہ بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے،امریکا

واشنگٹن(قدرت روزنامہ) ترجمان امریکی وزارت خارجہ ویندنٹ پٹیل کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات چاہتا ہے، ہم پر لگائے گئے الزامات میں قطعی صداقت نہیں . انہوں نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشحال و جمہوری پاکستان کو امریکا کے مفاد میں دیکھتے ہیں .

صحافی نے ویندنٹ پٹیل سوال کیا کہا کہ عمران خان نے اب ایک بیان دیا ہے جس میں وہ اب امریکا کو حکومت ختم ہونے کا ذمہ داری نہیں سمجھتے،اس پر آپ کا کیا ردِعمل ہے .
جس کے جواب میں ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ لگائے گئے الزامات میں قعطی صداقت نہیں . کسی ایک یا دوسری جماعت کے امیدوار پر کوئی پوزیشن نہیں رکھتے . پرامن آئینی و جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں .
ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا ، جھوٹی اور بےبنیاد اطلاعات کو دوطرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے .

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان سے عمران خان کے دورہ روس سے متعلق بھی سوال کیا گیا . جس پر انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے دورہ روس کے تازہ بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے . واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے امریکا سے متعلق موقف میں گذشتہ دو تین دن سے نرمی دیکھنے میں آئی ہے . گذشتہ روز بھی عمران خان نے بیان دیا کہ ذاتی مفاد پر قومی ترجیحات کو فوقیت دونگا،امریکہ نے میری حکومت گرائی مگر ملکی مفاد کیوجہ سے ان سے لڑائی نہیں ،مثبت اور بہتر تعلقات چاہتا ہوں .
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ زمان پارک میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا . اس سے قبل عمران خان یہ بھی بیان دے چکے ہیں ان حالات میں روس کا دورہ کرنا غلطی تھی .

. .

متعلقہ خبریں