مولا جٹ کہنے پر گورنر سندھ کا عمران خان کو جواب

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستانی سیاست میں مولا جٹ کی گردان،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مولا جٹ کہنے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خاموشی توڑ دی،کامران ٹیسوری نے عمران خان کا نام لئے بغیر جواب دیا کہ ایک سیاسی جماعت کے لیڈر نے کہا کہ سندھ کا گورنر نہیں آیا،مولا جٹ آ گیا ہے . مولاجٹ کا کردار اچھا ہے،ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے نوری نت نہیں کہا .


گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں معاشی صورتحال پر کہا کہ ملک میں ابھی سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہے،70 سال بعد بھی ہم ماضی کے مسائل پر بات کر رہے ہیں،ہماری برآمدات کیوں نہیں بڑھیں؟ ایسا لگتا ہے کہ معیشت کا پہیہ رکا ہوا ہے . لوگوں کو بتائیں ہم پاکستان کی ترقی کیلئے بہت کچھ کر سکتے ہیں،بڑے خاندان اور بزنس مین اس ملک سے بنے ہیں .
ہم فیصلہ نہیں کر پائے کہ ملک کو کون کیسے چلا رہا ہے؟ کتنے شرم کی بات ہے کہ ہر ملک کے پاس کشکول لیکر گئے .

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،ہماری افواج نے بہت اہم کر دار ادا کیا ہے،اگر ہم اپنی فوج کو کمزور کریں تو سرحدیں کمزور ہوجائیں گی . ہمیں سوچنا ہے کہ ہم اداروں کیخلاف کسی سازش کا شکار نہ ہوں،سارے ایشوز ہم کئی سال سے سن رہے ہیں،ہمیں اب حل کی طرف جانا چاہیے . کہا جاتا ہے اختیار نہیں ہے،مجھے چند دن ہوئے ہیں منصب پر اختیار ہی اختیار ہے .
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ کلین اور گرین کراچی اور تفریحی مقامات پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے،صحت اور تعلیم کے حوالے سے بھی سب کیلئے سوچنا ہے . اپنے اندر جو خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے،ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے . گھر میں کوئی فرد خراب ہو تو اسے گھر سے ہی نکال دیتے،گورنر تو آتے جاتے رہتے ہیں لیکن مجھے ملک کیلیے کام کرنا ہے،اگر ہم مل جل کر کام کریں گے تو پاکستان ترقی کرے گا .

. .

متعلقہ خبریں