سعودی فٹبال ٹیم کی تاریخی جیت پر تفریحی مقامات میں انٹری مفت

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے خلاف تاریخی فتح پر تفریحی مقامات میں انٹری مفت کردی گئی . عرب میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر آج بروز بدھ 23 نومبر کو مملکت میں عام تعطیل ہے، چھٹی کا اعلان فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے خلاف تاریخی جیت کی خوشی میں کیا گیا ہے، مملکت میں عام تعطیل کا حکم شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جاری کیا، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے اداروں کے ملازمین کی چھٹی ہوگی، اس کے علاوہ تمام سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو بھی بدھ کے روز چھٹی دے دی گئی ہے .


اسی طرح سعودی عرب میں رائل کورٹ کے معاون اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آلشیخ نے اعلان کیا کہ ریاض کے تمام بڑے تھیم پارکس اور تفریحی مقامات میں داخلے کی فیس ایک روز کے لیے ختم کر دی گئی ہے .
بتاتے چلیں کہ فیفا ورلڈکپ 2022ء میں پہلا اور بہت بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، جہاں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے ہرادیا، قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے اس میچ میں ارجنٹینا کو 10ویں منٹ میں پنالٹی سٹروک ملا جس پر کپتان لائیونل میسی نے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی، میچ کے پہلے ہاف کا اختتام جنوبی امریکی ٹیم کی برتری کے ساتھ ہوا .

تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی سعودی عرب نے ارجنٹائن کے دفاع کو توڑتے ہوئے پہلے 48ویں منٹ میں صالح الشہری کے گول سے اسکور 1-1 سے برابر کیا اور صرف 5 منٹ کے فرق سے سلیم الضصاری کے گول نے سعودی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلادی، جس کو ختم کرنے کیلئے میسی الیون نے میچ میں سعودی عرب کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن سب ناکام رہے اور 1-2 کے اسکور کے ساتھ ہی میچ کا اختتام ہوگیا .

. .

متعلقہ خبریں