ترکیہ میں 6.1 شدت کا زلزلہ،زلزلے سے 22 افراد زخمی

زلزلے کا مرکز استنبول سے 170 کلو میٹر دور اور زیر زمین گہرائی دس کلو میٹر تھی زلزلے کے باعث چند گودام تباہ ہوئے ،بھاری نقصان یا عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، وزیرداخلہ سلیمان سولیو
انقرہ (قدرت روزنامہ) ترکیہ کے شمال مغرب علاقے میں 6.1 کی شدت کے زلزلے سے 22 افراد زخمی ہوگئے . زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے .

ترکیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.9 تھی جو 6.1 سے کم تھی اور اس کا مرکز صوبے ڈوزے کے ضلع گولیا تھا، تاہم زلزلے کے جھٹکے دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، جب کہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی ہے . زلزلے کا مرکز استنبول سے 170 کلو میٹر دور اور زمین میں دس کلو میٹر نیچے گہرائی میں تھا . ضلع گولیا کی رہائشی فاطمہ کولک نے بتایا کہ صبح سویرے تیز آواز سے ہماری آنکھ کھلی، خوف زدہ ہوکر ہم گھر سے باہر نکل آئے . ترکیہ کی وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ میں 22 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک شخص نے خوف زدہ ہوکر عمارت سے چھلانگ لگا دی تھی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کی حالت تشویش ناک ہے . زلزلے کے بعد کئی شہری اپنے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر موجود تھے، کئی شہری سردی سے بچنے کے لیے کمبل یا چادر میں لپٹے ہوئے تھے . حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث صوبے ڈوزے میں اسکول بند رہیں گے . وزیرداخلہ سلیمان سولیو نے بتایا کہ زلزلے کے باعث چند گودام تباہ ہوئے اس کے علاوہ بھاری نقصان یا عمارت گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی .

 
. .

متعلقہ خبریں