امید ہے کہ صدر مملکت تقرریوں کی ایڈوائس کو آج ہی کنفرم کریں گے،احسن اقبال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری آئین کے تحت صدر مملکت کو بھیجی ہے۔ احسن اقبال نے اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے صدر مملکت عارف علوی سمری پر ستخط کر کے اس فیصلے کی منظوری دیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت اپنی ذمہ داری کو آئین کے مطابق ادا کریں گے،معاملے میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنا ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ صدر کاحلف کہتا ہے وہ کار سرکا ر میں دوست رفقا کی مشاورت نہیں لیں گے،امید ہے کہ صدر مملکت ایڈوائس کو آج ہی کنفرم کریں گے۔
صدر مملکت بحران پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ اپنی پوزیشن متنازع بنائیں گے،صدر مملکت تاخیر کرکے بھی فیصلے کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایڈوائس صدر علوی کے پاس چلی گئی ہے۔اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازعہ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ صدر علوی کی بھی آزمائش ہے کے وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پہ، بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈر ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں اعلٰی تقرریوں کیلئے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی ،صدر مملکت عارف علوی کو تعیناتیوں سے متعلق سمری ارسال کی گئی۔ قانون اور آئین کے تحت سارے معاملات طے پائیں گے،آئینی ادارے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔ امید ہے صدر مملکت کوئی تنازع کھڑا نہیں کریں گے اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت آئینی تعیناتی کو سیاسی نہیں کریں گے۔
پوری امید ہے کہ صدر مملکت عارف علوی اسے سیاسی نقطہ نظر سے نہیں دیکھیں گے۔آئین اور میرٹ کے تحت تعیناتی کی جا رہی ہے،صدر سپریم لیڈر ہیں،انہیں اداروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔یہ ایک مقدس فریضہ ہے اور صدر عارف علوی اسے بخوبی نبھائیں گے،یہ ایڈوائس وزیر اعظم کی ہے،کسی اور کی نہیں۔
