جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی پر پی ٹی آئی کا موقف آگیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کا جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی پر موقف آگیا۔ تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ نئے آرمی چیف سے خدشات نہیں توقعات ہیں، عمران خان نے واضح کہا تھا میرٹ پر تعیناتی کریں کوئی اعتراض نہیں، عمران خان نے کئی بار کہا وہ میرٹ چاہتے ہیں پسند نا پسند نہیں، مشاورت سے فائدہ ہوتا ہے پوزیشن واضح ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف الیکشن کی تاریخ نہیں دے سکتے لیکن توقع ہے وہ اپنی رائے ضرور دیں گے، سیاسی بحران ختم کرنے کے لیے الیکشن سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں، گزشتہ 8 ماہ بہت بھاری گزرے توقع ہے اس کی تحقیقات کرائی جائیں گی، توقع ہے 8 ماہ میں جوا ہوا وہ ختم ہوگا اور ملک بہتری کی طرف جائے گا تاہم سیاسی بحران ختم کیے بغیر معاشی بحران ختم نہیں کیا جاسکتا۔
ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف پاکستان کی تاریخ کے ایک مختلف آرمی چیف ہوں گے، فوج ایک نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہورہی ہے، آپ دیکھیں گے کہ جنرل عاصم منیر فوج کو سیاست سے دور کرکے دکھائیں گے، یہی صورتحال چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ہے، نئے آنے والے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی دونوں میرے شہر سے تعلق رکھتے ہیں، سب چیزیں خوش اسلوبی سے طے ہوگئی ہیں، اب قوم اب الیکشن کی تیاری کرے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ جتنے اپنے آپ کو فلاسفر اور انٹرنیشنل ارسطو سمجھتے تھے ان کی گنتی شروع ہوگئی ہے، عمران خان کا پنڈی میں ایک تاریخی جلسہ ہوگا، میں خود اس جلوس کی لال حویلی سے قیادت کر کے جاؤں گا، میرا نہیں خیال کہ عمران خان دھرنا دیں گے کیوں کہ کرکٹ کا میچ ہورہا ہے، بس لانگ مارچ اور جلسے تک بات رہے گی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں شروع سے کہہ رہا تھا نومبر کا آخری ہفتہ پاکستان کی سیاست کیلئے اہم ہے، یہ سب فوج اور جمہوریت کیلئے بہتر ہوگیا ہے، اب آپ اچھی خبریں سنیں گے، میں نہایت ذمہ داری سے کہہ رہاہوں کہ قبل از وقت انتخابات ہوں گے، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert