ذاتی پسند ناپسند کی ملک کی خاطر کوئی وقعت نہیں، شاہ محمود قریشی


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ذاتی پسند ناپسند کی ملک کی خاطر کوئی وقعت نہیں ہے . راولپنڈی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے، کیوں کہ ملک میں اس وقت ایک غیر یقینی صورتحال ہے، ہمیں ملک کو مالی مشکلات سے نکالنا ہے تو دیانتداری سے سیاسی استحکام چاہیے کیوں کہ سیاسی اور معاشی استحکام لازم و ملزوم ہے .


سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ذاتی پسند ناپسند کی ملک کی خاطر کوئی وقعت نہیں ہے، عمران خان روز اوّل سے کہہ رہے ہیں آئیے ملک کے لئے سوچیں، جس کے لیے واحد آئینی اور جمہوری راستہ انتخابات ہیں . ادھر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کہتے ہیں کہ صدر مملکت نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیئے ہیں جو خوش آئند ہے کیوں کہ سمری پر دستخط سے ملک میں ہیجانی کیفیت کا خاتمہ ہوگا، تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے، اس حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام نیک شگون ہے .
بتاتے چلیں کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج میں اہم تعیناتیوں کی سمری پر دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہوں گے، اس ضمن میں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی، صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سمری کی منظوری دی گئی، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر سمری کی منظوری دی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد جنرل سید عاصم منیر کے آرمی چیف تعینات ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا جب کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا .
اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج لاہور بھی پہنچے، جہاں صدر عارف علوی نے زمان پارک میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں اہم تعیناتی کا معاملہ زیر غور آیا، صدر نے وزیراعظم ہاؤس سے منظور ہونے والی سمری سے متعلق عمران خان کو اعتماد میں لیا . دنیا نیوز کے مطابق عمران خان نے صدر مملکت کو کہا کہ ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں، آئین و قانون کے مطابق سمری دیکھیں، ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، آئین اور قانون کے مطابق جو بنتا ہے سمری اس کے مطابق دیکھیں،اگر درست ہے تو سمری نکال دیں .

. .

متعلقہ خبریں