پی ٹی آئی کو فیض آباد پر دھرنے کی اجازت، دارالحکومت کے راستے سیل

 اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کو فیض آباد کے قریب دھرنے کی اجازت مل گی، دریں اثنا دارالحکومت جانے والے کئی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے .

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کو فیض آباد کے قریب دھرنے کی اجازت سے متعلق راولپنڈی انتظامیہ نے  56 نکات پر مشتمل اجازت نامہ جاری کردیا ہے .

 اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کھیلنے کے لیے راولپنڈی پہنچ رہی ہے، لہٰذا جلسہ کرنے کے بعد جگہ کو مکمل طور پر خالی کیا جائے گا .

چیئرمین پی ٹی آئی اور کارکنوں کو اجازت نامے پر عمل  کی ہدایت

نوٹیفکیشن میں راولپنڈی پولیس کو جلسے کے لیے تمام ضروری سکیورٹی اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں . ساتھ ہی وضاحت کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، اسلام آباد انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے طے شدہ راستہ استعمال کریں گے . عمران خان جلسے سے پہلے اور جلسے کے بعد سن روف والی گاڑی بھی استعمال نہیں کریں گے .

اجازت نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ علامہ اقبال پارک کو کارکنان کے رکنے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا اور پروگرام کے بعد بالکل خالی کر دیا جائے گا . جلسے اور دھرنے کے دوران ریاست مخالف نعرے بازی کی بالکل اجازت نہیں ہوگی . ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا .

شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا جانی نقصان کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہوگی . جلسے و دھرنے میں ڈرون کیمرے کے استعمال کی بالکل اجازت نہیں ہوگی اور شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی .

اسلام آباد انتظامیہ نے اجازت نامے کی کاپیاں تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دی ہیں .

فیض آباد فلائی اوور چاروں جانب سے مکمل سیل

دریں اثنا پی ٹی آئی جلسے اور دھرنے کے پیش نظر دارالحکومت اور راولپنڈی کو جوڑنے والے مقام فیض آباد فلائی اوور کو چاروں اطراف سے مکمل سیل کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے براستہ فیض آباد اسلام آباد آنے والے لوگوں کوشدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ بند کیے گئے راستوں پر  بدترین ٹریفک جام  میں پھنسی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں .

راستوں کی بندش خصوصاً راولپنڈی کی مرکزی شاہراہیں بند ہونے کے باعث راولپنڈی ڈبل روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہے . علاوہ ازیں آئی جے پی روڈ پر ٹریفک جام میں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں . راولپنڈی مری روڈ اور رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک جام ہے اور رش میں ایمبولینسیں بھی پھنسی ہوئی ہیں .

اہم راستے بند ہونے سے شدید ٹریفک جام، شہری پریشان

ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آبادسے راولپنڈی براستہ مری روڈ جانے والوں کے لیے فیض آباد پر ڈائیورشن لگادی گئی ہے جب کہ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخلے کے لیے پرانا ائرپورٹ اور اسٹیڈیم روڈ استعمال کیے جاسکتے ہیں . ریڈزون میں داخلے کے لیے ایکسپریس چوک اور نادرا چوک بند کردیے گئے ہیں . اس سلسلے میں مارگلہ روڈ ،ایوب چوک اورسرینا چوک کےمتبادل راستے استعمال کیے جاسکتے ہیں .

شہری متبادل راستے استعمال کریں، پولیس

فیض آباد  کے مقام پر راولپنڈی کی حدود میں پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان نے جلسے کی تیاری کےلیے کنٹینر لگا کر سڑک بند کردی ہے، جس کی وجہ سے براستہ فیض آباد اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے بند ہوگئے ہیں .  پولیس کی جانب سے رہنما ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری متبادل راستے اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پکار 15 پر کال کر یں .

. .

متعلقہ خبریں