اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی،وفاقی پولیس نے دورہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے پیش نظر ریڈ زون کی سکیورٹی مزید سخت کر دی،کرکٹ ٹیم کے رہائشی ہوٹل کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چاک و چوبند جوان اور تازہ دم دستے تعینات ہونگے .
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا انگلینڈ کرکٹ کے دورہ پاکستان کے سلسلے میں ریڈ زون کی سکیور ٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے ہائی الرٹ کر دی، کرکٹ ٹیم کی حفاظت کو فول پروف بنانے کیلئے رہائشی ہوٹل کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر اسلام آباد کیپیٹل کے چاک و چوبند جوان اور تازہ دم دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں،ہوٹل کے سٹاف کی ویرفکیشن مکمل کر دی گئی ہے، ہوٹل کے چاروں اطراف ریزرو پولیس کی نفری ڈیوٹی پر مامور ہے،جو کسی بھی ناخوشگوار حالات اور لا ء اینڈ آرڈرز کو قابو کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، ٹیم کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد اور انسداد دہشت گردی یونٹ کے جوان جدید سامان سے لیس ٹیم کے ساتھ اسکواڈ ڈیوٹی سرانجام دیں گے، رہائشی ہوٹلز اور کرکٹ اسٹیڈیم کے روٹس کی چیکنگ کیلئے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مدد سے روٹس کے دونوں اطراف گرین بیلٹس پر جھاڑیوں کو ختم کروایا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈز کی مدد سے راستوں کی مکمل سویپنگ کروائی گئی،راستے میں آنے والی کچی آبادیوں میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی جانب سے کومنگ سرچنگ کا سلسلہ جاری ہے، ٹیم کی آمد ورفت کے دوران روٹس کے دونوں اطراف کی ٹریفک کو بند کیا جائے گا اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستے دئیے جائیں گے .
. .