پشاور (قدرت روزنامہ) ترجما ن خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اسمبلی چھوڑنے سے متعلق آج اہم اجلاس طلب ہوگا . اجلاس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی سے متعلق صورتحال زیر غور لائی جائیگی .
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو قوم کو آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہیے، پی ٹی آئی کا کوئی ایم پی اے چیئرمین کے فیصلے سے متفق نہیں تو سامنے آئے،پی ٹی آئی کے بیشتر اراکین پارٹی کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں .
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر خیبرپختونخوا میں اپوزیشن متحرک ہوگئی . خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف عدم اعتماد سمیت دیگر آپشنز پر غورکیا جائے گا، اس حوالے سے اے این پی رہنما سردار بابک نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل نہیں ہونے دیں گے، 10سال تک صوبے کو لوٹنے والے اب کیوں بھاگ رہے ہیں .
چئیرمین تحریک انصاف نے راولپنڈی جلسے میں اپنے خطاب کے دوران اعلان کیا کہ فیصلہ کیا ہے تمام اسمبلیوں سے نکل جائیں، فیصلہ کیا ہے اب اس کرپٹ نظام کا حصہ نہیں رہیں گے، اپنے تمام وزرائے اعلٰی سے بات کرلی ہے، اب پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کروں گا، ملک میں کسی قسم کا انتشار پیدا نہ کرنا چاہتے، معاشی حالات پہلے ہی بُرے ہیں توڑ پھوڑشروع ہو گئی تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے، ہم ملک میں تباہی مچانے کے بجائے کرپٹ نظام سے باہر نکلیں گے، اسلام آباد نہیں جائیں گے .
انہوں نے کہا کہ نواز اور زرداری کو ملک کے دیوالیہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے اربوں ڈالرز باہر پڑیں ہیں، اصل عوام کا ہے کو مسلسل دلدل میں دھنستی جا رہی ہے، ملک کے معیشت تباہ حال ہے، انڈسٹری بند ہو رہی ہے، کسان کا برا حال ہے، ملک کے فیصلے کرنے والوں کو بتا رہا ہوں کہ ملک ڈوب رہا ہے، جب ملک کی معیشت گرتی ہے تو قومی سلامتی کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے، الیکشن جب بھی ہوں جیتنا ہم نے ہی ہے، آج یہاں الیکشن کیلئے نہیں آیا بلکہ یہ بتانے آیا ہوں کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کا حل الیکشن ہی ہیں، ملک بچانے کیلئے الیکشن چاہتا ہوں .