پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ،ن لیگ نے اپنے ارکان کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی


لاہور (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل یا اسمبلی سے نکلنے کے اعلان کے بعد ن لیگ سمیت حکمران اتحاد کی جماعتیں متحرک ہو گئیں،اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر اپنے ارکان اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی . ایکسپریس نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ مسلم لیگ نے اپنے ارکان اسمبلی کو پارٹی سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ارکان پنجاب اسمبلی تاحکم ثانی صوبائی دارالحکومت ہی میں قیام کریں .


مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی عہدے داروں کو اتحادی جماعتوں کے ارکان سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی . پارٹی قیادت نے متحدہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی لاہور پہنچنے کی درخواست کر دی ہے .
مسلم لیگ ن کی اعلٰی قیادت نے مزید کہا کہ ضرورت پڑی تو تمام ارکان کو کسی ایک ہوٹل میں اکٹھا رہنے کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے .

یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آئندہ ہفتے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اہم اعلان کریں گے . سابق وزیر اعظم اسمبلیاں تحلیل اور استعفوں کا اعلان مشاورت کے بعد کریں گے،عمران خان نے پنجاب اسمبلی اور خیبر پختو نخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس بھی طلب کر لئے . کے پی اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ کو پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہفتے کو ہو گا .
عمران خان دونوں پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اعتماد میں لیں گے، جبکہ چیئرمین تحریک انصاف موجودہ سیاسی صورتحال میں اپنی حکمت عملی سے ارکان کو آگاہ کریں گے . تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پارٹی کی اعلٰی قیادت کو تجویز دی ہے کہ تمام ارکان پارلیمنٹ سے رائے کے بعد فیصلہ اکثریت کی رائے پر کیا جائے .

. .

متعلقہ خبریں