کراچی(قدرت روزنامہ) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،ہماری حکومت نے ملک کو گرے لسٹ سے نکالا . معیشت کی بہتری کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا،تاجر برادری معیشت کی بہتری کیلئے تعاون کرے .
مولانا فضل الرحمٰن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہماری کوشش ہے کہ عوام کو جلد از جلد ریلیف دیا جائے،مونس الٰہی کے بیان کے پر سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ مونس الہٰی سے متعلق سوال ان سے کیا جائے .
مونس الٰہی کی بات کا جواب وہ خود دے سکتے ہیں،چوہدری شجاعت نے اس وقت حالات کے مطابق جراتمندانہ فیصلہ کیا،پورے خاندان کو چوہدری شجاعت کے فیصلے کی تقلید کرنی چاہیے . انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کن کے اشاروں پر سیاست اور فیصلے بدلتے ہیں؟پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے کیلئے ہر شہری کو کردار ادا کرنا چاہیے .
واضح رہے کہ مونس الٰہی نے گزشتہ روز ہم نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب تک چوہدری پرویزالٰہی وزیراعلٰی نہیں بنے تھے تب تک چودھری شجاعت سے معاملات درست تھے،چوہدری شجاعت سے یہی بحث ہے کہ وزیراعلٰی بننے کے بعد کیوں سب کچھ برا ہونے لگا؟ چوہدری پرویزالٰہی نے چوہدری شجاعت کو بتایا تھا کہ عمران خان کی طرف جا رہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت مجھے نوازشریف کے قصے سنایا کرتے تھے کہ 30 برس میں ہمارے ساتھ کیا کیا،جب پرویزالٰہی وزیراعلٰی بننے لگے تو پھرکہا کہ نوازشریف کا وزیراعلٰی بننا چاہیے،چوہدری شجاعت سے معاملات بہتر کر لیں گے . مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا حتمی فیصلہ عمران خان ہی کریں گے،عمران خان کی مقبولیت عروج پر ہے،سیاسی رائے یہ ہے کہ کل ہی الیکشن ہو جائیں . خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے پاس مضبوط مینڈیٹ ہے،18 ویں ترمیم ان کے گلے پڑ گئی ہے .
. .