جاپان نے پاکستان کے لئے بڑی امداد کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت جاپان نے اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی کی خدمات اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پناہ گزین بستیوں اور میزبان برادریوں کے لیے پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت (واش) کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے 4.196 ملین امریکی ڈالر فراہم کردیے ہیں .

یونیسف نے پاکستان میں بچوں کے لیے مسلسل اور فراخدلانہ امداد کی فراہمی پر ِ جاپان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا .

تقریب میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)،لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، پاکستان میں جاپان کے سفیر عزت مآب واڈا مٹسوہیرو، یونیسف پاکستان کے سربراہ، عبداللہ فادل اور حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی . اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی برادری کی مسلسل شمولیت کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ مدد کے لئے پرعزمہے . انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کی امداد میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہا ہے اور اس کے لیے عوامی سطح پر بھی گہر ا احساسِ تشکر پایا جاتا ہے . یونیسف پاکستان بھی اس طرح کے اقدامات میں پیش پیش ہے اور اس نے مصیبت زدہ لوگوں کو ضروری امدادی سامان کی تیزی سے فراہمی کو ممکن بنایا ہے . نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی،تمام ہنگامی صورتحال کے اثرات میں کمی لانے اور کنٹرول کرنے کی ذمہ دار قومی کوآرڈینیشن اتھارٹی ہے، جو تمام اسٹیک ہولڈرز اور ڈونرایجنسیوں کی اس عمل میں شمولیت کو یقینی بنانے کے علاوہ صلاحیت سازی میں سرمایہ کاری میں مدد کرنے اور آفات سے نمٹنے کی قومی سطح پر بھرپور تیاری کے نظام کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے .

ہم یونیسف کی عطیات کی قدر کرتیہیں اور پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے اثرات کو کم سے کم کرنے میں مدد کرنے پر جاپان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں . یونیسف قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے جاپانی فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ دونوں صوبوں میں میزبان اور پناہ گزین برادریوں کو واش کی بہتر خدمات تک رسائی حاصل ہو .

ان خدمات میں پانی کے معیار اور فراہمی میں بہتری، نالوں کی باقاعدگی سے صفائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی بہتری اور صحت کے مراکز اور اسکولوں میں ہنگامی واش خدمات کی فراہمی شامل ہیں . اب اقدامات سے غیر محفوظ پانی اور ناقص حفظان صحت کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے . تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جاپان کے سفیر عزت مآب مٹسوہیرو واڈا نے کہا کہ جاپان نے یونیسف کے ساتھ شراکت داری میں افغان مہاجرین اور ان کی میزبان برادریوں کو واش اور خوارک کی فراہمی کوممکن بنایا

اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ شدید خطرات سے دوچار افراد کو صاف پانی، حفظان صحت کی سہولیات اور غذائی سپلیمنٹس تک رسائی حاصل ہو . اب بڑے پیمانے پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کے طور پر، جاپان صاف پانی اور حفظان صحت کی اشیاء فراہم کرکے متاثرہ افراد کو ہنگامی مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے . جاپان کی جانب سے یونیسف کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسانی بنیادوں پر خدمات کے لیے فراہم کردہ فنڈز کیمپوں اور برادریوں میں پینے کے صاف پانی، مناسب صفائی ستھرائی، ذاتی اور اجتماعی حفظان صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے،

حفظان صحت کی کٹس کی فراہمی اور بچوں اور خواتین کی غذائی کمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں . پاکستان میں یونیسف کے نمائندے عبداللہ فادل نے کہا کہ ہم اس نازک موڑ پر بچوں اور خاندانوں کے لیے فراخدلانہ امداد پر حکومت ِ جاپان کے انتہائی شکر گزار ہیں . ”یہ شدید خطرات کے شکار بچے اور خاندان ہیں جو تباہ کن سیلاب کا خمیازہ بھگت رہے ہیں اور انہیں زندہ رہنے کے لئے مدد کی ضرورت ہے . ہماری امداد کے بغیرآنے والے ہفتوں میں مزید بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے . پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی، حفظان صحت اور طبی اور غذا کی فراہمی کی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانا مزید اموات کو روکنے کے لئے ضروری ہے . “

. .

متعلقہ خبریں