بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے‘ عمران خان اسمبلی توڑنے کا شوق پورا کرلیں، وزیراعظم

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلے بہت بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کی گئی، ہم کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، عمران خان اسمبلی توڑنے کا شوق پورا کرلیں . میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لئے حکمت عملی اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش سے متعلق امور پر مشاورت ہوئی .


اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں معاملات بگڑنے کی بجائے بہتری کی طرف آئیں کیوں کہ ہم ملکی حالات کو بہتر ہونا چاہیے تاہم الیکشن کب ہونا ہے اس حوالے سے سب کچھ واضح ہے، اگر عمران خان کی خواہش ہے کہ اسمبلیاں توڑیں تو خواہش پوری کرلیں ان صوبوں میں الیکشن ہوجائیں گے، پہلے بہت بلیک میلنگ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم کسی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں .
انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر مسئلے حل کرنے کا نام ہی سیاست اور جمہوریت ہے لیکن ہم کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے بلکہ قانون اور آئین کے مطابق سب کام ہوگا، اب سب فیصلے سیاستدانوں نے ہی کرنے ہیں اس لیے سب کو مل بیٹھ کر ملک کا سوچنا ہوگا . ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ مسلم لیگ کے اجلاس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اگر عمران خان سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں تو حکومت مذاکرات کے لئے تیار ہے، عمران خان کا مذاکرات کے ٹیبل پر آنا خوش آئند بات ہے لیکن مذاکرات پیشگی شرط کے بغیر ہوں گے .
پارٹی ذرائع کہتے ہیں کہ مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف پارٹی قائد نواز شریف سے بھی مشاورت کریں گے . حتمی مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن کی طرف سے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کا پالیسی بیان چند روز میں جاری کیے جانے کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں