ریاض (قدرت روزنامہ) پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری ، سعودی حکومت نے پاکستان کی مزید مالی امداد کا عندیہ دے دیا ہے . غیر ملکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان کاکہنا ہےکہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ،سعودی عرب کا بجٹ چار ارب ڈالر سے زائد سرپلس ہوگیا ہے .
سعودی وزیر نے مزید کہا ہے کہ سعودی حکومت مہنگائی کے اثرات سے نبرد آزما اتحادی ملکوں کی مدد کرے گا .
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب ترک سینٹرل بینک میں بھی چار ارب ڈالر رکھے گا،سعودی وزیر خزانہ محمد الجدان کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے غیر ملکی ذخائر کی سپورٹ کیلئے رکھوائے تین ارب ڈالرز کی مدت پہلے ہی بڑھا چکا ہے . واضح رہے کہ پاکستان نے زرمبادلہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب سے مزید تعاون کی درخواست کی ہے .
پاکستان کو رواں مالی سال جون کے اختتام تک 16 ارب ڈالر قرض واپس کرنا ہے جس کیلئے پاکستان نے سعودی عرب سے مزید 4.2 ارب ڈالر کی درخواست کر دی ہے .
ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے درخواست توانائی کی خریداری اور بجٹ سپورٹ کے لیے کی گئی ہے، 3 ارب ڈالر بجٹ سپورٹ کے طور پر قرض کی درخواست کی گئی ہے جبکہ دیگر پیمنٹ پر مزید 1.2 ارب ڈالر مالیت کا تیل اور یوریا کھاد بھی لی جائے گی . ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر سپورٹ کی درخواست سعودی سفیر کے ذریعے کی گئی ہے . خیال رہے کہ چند روز قبل ہی سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے پاس رکھے 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کا دورانیہ بڑھایا ہے .
دوسر ی جانب پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوگئے . اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 79 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے . اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 2 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 12.58 ارب ڈالر رہے . 2 دسمبر کو اسٹیٹ بینک کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 6.71 ارب ڈالر تھے . اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے . 2 دسمبر کو کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 5.87 ارب ڈالر تھے، کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 13 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی .
. .