لے پالک سیاستدانوں کو چھوڑیں اور صورتحال کا ادراک کریں عوام کو بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں،فواد چوہدری

لاہور (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ معیشت کی منصوبہ بندی کے اہم ادارے پائیڈ کی جانب سے سروے کرایا گیا،سروے کے مطابق پاکستان کے شہری علاقوں میں رہنے والے 40 فیصد افراد بیرون ملک جانے کے خواہش مند ہیں جبکہ دیہی علاقوں کے 36 فیصد افراد ملک چھوڑ کر کسی ’’اچھے‘‘ ملک جانا چاہتے ہیں .
فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پائیڈ کا سروے ملک کے حالات کا عکاس ہے .

اداروں کی قیادت اگر جاگ جائے تو معلوم ہو گا کہ عوام اور اداروں میں فاصلوں میں اتنا اضافہ ہو چکا ہے کہ لوگ ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں . سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لے پالک سیاستدانوں کو چھوڑیں صورتحال کا ادراک کریں،بند کمروں میں فیصلے عوام کو قبول نہیں .
قبل ازیں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کی ریکارڈنگ پہلی مرتبہ اس طرح منظر عام پر آئی . انہوں نے کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے کہ کٹ پیسٹ کر کے وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیک کی جا رہی ہے . انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے مطابق فون ٹمپرنگ پر 7سال قید کی سزا ہو سکتی ہے .
آئین کا آرٹیکل 14ہے جو رائٹ آف پرائیویسی کو تحفظ دیتا ہے . فواد چوہدری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیک ہو رہی ہے تو عام عوام کے ساتھ کیا ہو گا . واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ راہ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی اور پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو سامنے آئی،مبینہ آڈیو میں گھڑیوں کی خریدوفروخت کے حوالے سے بات چیت کی گئی . آڈیو میں بشری بی بی کی مبینہ گفتگو میں سنا جا سکتا ہے کہ انہوں نے کہا خان صاحب نے کہا ہے ان کی کچھ گھڑیاں ہیں وہ آپ بیچ دیں . بشری بی بی کہتی ہیں کہ گھڑیاں عمران خان کے استعمال کی نہیں ہیں لہٰذا وہ چاہ رہے ہیں آپ انہیں بیچ دیں .

. .

متعلقہ خبریں