ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مقامی سطح پرتیار کردہ موبائل فونز کی تعداد درآمدی فونز سے زیادہ ہو گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت کی نئی معاشی پالیسی کام کر گئی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مقامی سطح پرتیار کردہ موبائل فونز کی تعداد درآمدی موبائل فونز سے زیادہ ہو گئی، صرف 6ماہ میں پاکستان نے 1کروڑ 22لاکھ سے زائد موبائل فون تیار کر لیے . تفصیلات کے مطابق مقامی سطح پر موبائل سازی کی صنعت نے موبائل فون کی در آمدات کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے .

جنوری تا جولائی 2021 کے دوران،پاکستان میں موبائل بنانے والے اداروں نے ایک کروڑ با ئیس لاکھ ستر ہزار (12.27ملین) موبائل فون تیار کئے جبکہ اسی عرصے میں درآمد شدہ موبائل فون کی تعداد بیاسی لاکھ نوے ہزار(8.29 ملین) ریکارڈ کی گئی . یہ رجحان پی ٹی اے کے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) اجازت ناموں سے متعلق ریگولیٹری نظام کی مثبت عکاسی ہے جس کو متعارف کروانے کے پہلے ہی سال کے 7 ماہ کے عرصہ میں ایک کروڑ با ئیس لاکھ ستر ہزار (12.27 ملین) موبائل فون تیار ہو ئے جن میں اڑتالیس لاکھ ستر ہزار(4.87 ملین) 4 جی سمارٹ فونز بھی شامل ہیں . موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی سمیت سازگار حکومتی پالیسیوں کی بدولت اور ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب نفاذ کے بعدپاکستان میں مقامی سطح پر موبائل بنانے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوا . اس سے پاکستان کے موبائل فون تیاری کے نظام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے جس کی بدولت جعلی ڈیوائس مارکیٹ کا خاتمہ اور تجارتی اداروں کو برابرمواقع میسر آئے جبکہ ہر قسم کی ڈیوائس کی درآمدات کے لیے یکساں قانونی ذرائع کی موجودگی سے صارفین کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا . واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے مینوفیکچررز کو پاکستان میں اپنے یونٹ کے قیام کے حوالے سے ایک جامع موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی متعارف کرائی گئی . اس پالیسی کی روشنی میں پی ٹی اے نے 28 جنوری 2021 کوموبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز جاری کیں جس کے تحت اب تک 26 کمپنیوں کو موبائل تیار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے . ان کمپنیوں میں مشہور برانڈز جیسا کہ سام سنگ، نوکیا، اوپو، ٹیکنو، انفینکس، ویگوٹل، کیو موبائل وغیرہ شامل ہیں . اسی طرح ہ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ملنا ایک اہم کامیابی ہے، موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس کے قیام سے پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت موبائل فون سیٹ کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی . دوسری جانب چین کی سب سے بڑی سمارٹ فون ساز کمپنیوں میں سے ایک ویوونے پاکستان میں اپنا پہلا مینوفکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے . اس مینوفکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کے لیے چینی کمپنی کی جانب سے 10ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی . چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بلکہ پاکستان میں سمارٹ فونز کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے . ویوو کے پاکستان میں لگائے جانے والے اس پلانٹ میں نہ صرف سمارٹ فونز تیار کیے جائیں گے، بلکہ ویوو موبائل کی دیگر اسیسریز بھی تیار کی جائیں گی . . .

متعلقہ خبریں