متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دیے گئے قرض کی واپسی میں بڑی رعایت دے دی، اضافی ایک ارب ڈالر دینے کا بھی اعلان
ابو ظہبی/اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات نے 2 بلین امریکی ڈالرز کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کر نے کا اعلان کیا ہے . جمعرات کو وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی،
شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی .
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی . وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا . دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا . دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا . دونوں فریقوں نے سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید گہرا کرنے، شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو فعال کرنے پر اتفاق کیا . انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا . انہوں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور رفتار فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر دو طرفہ تبادلوں اور باقاعدہ بات چیت کی اہمیت پر اتفاق کیا . متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 بلین امریکی ڈالر کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا . وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی
جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کی . تاریخوں کا فیصلہ سفارتی ذرائع سے کیا جائے گا . دریں اثناء وزیر اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے بھی تصدیق کی کہ وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات متحدہ عرب امارات کے صدر کا 2 بلین امریکی ڈالرز کے موجودہ قرض کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر اضافی قرض فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا .
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورہ پر ابو ظبی پہنچے . ابوظہبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امورعبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا . قبل ازیں، وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے تھے .
وزیر اعظم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی شامل تھے . دفترخارجہ کی ترجمان نے بیان میں بتایا کہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کاایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا . وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا متحدہ عرب مارات کا یہ تیسرا دورہ ہے . یاد رہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے دو دن قبل ا?رمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی تھی جس میں عسکری اور دفاعی امور زیر بحث آئے تھے اور دونوں نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا .
. .