ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبد الفتاح مشاطعلی نے کہا ہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے اس سال حج کے سیزن کے لیے وزارت کی ابتدائی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر کئی اسلامی ملکوں کے 15 وفود کے ساتھ حج کے متعدد
معاہدوں پر دستخط کر دئیے ہیں . غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ معاہدے حج کی آمد کو آسان بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہیں .
معاہدوں کا مقصد ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنا اور ان کے مذہبی اور ثقافتی تجربے کو با معنی بنانا ہے . حج میں بہتر سہولیات کی فراہمی کی یہ کاوشیں بھی سعودی “ویژن 2030” کے اہداف کا ایک حصہ ہیں . ڈاکٹر مشعطلی نے حج ایکسپوکانفرنس اور نمائش کے موقع پر گفتگو میں کہا کہ دستخط کیے گئے حج معاہدوں میں ہر ملک کے لیے مختص کوٹے، ان ممالک سے آنے والے عازمین کے لیے بندرگاہیں اور آمد و روانگی کے ذرائع اور حج کے امور کو منظم کرنے والے اہم ترین طریقہ کار کو شامل کیا گیا ہے . نائب وزیر حج و عمرہ نے مصر، متحدہ عرب امارات، سینیگال، گھانا، چاڈ، تاجکستان، افغانستان، بھارت، تھائی لینڈ، جنوبی افریقہ، کرغزستان، بینن، سری لنکا اور تنزانیہ کے وفد سے ملاقاتیں کی ہیں . ملاقات میں حجاج کرام کے امور سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا . دنیا بھر سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے ضیوف الرحمن کی خدمت کے لیے انتظامات اور تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی .
. .