پاکستان و سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقات‘ باہمی تعاون میں اضافے کے عزم کا اعادہ

ڈیووس (قدرت روزنامہ) پاکستان اور سعودی وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تعاون میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا . سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، اس دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان سعودی تعلقات اور انہیں مزید مضبوط و مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا .


بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیربحث آئے، ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے عالمی امن و سلامتی کی بنیادیں مضبوط کرنے والی مشترکہ کوششوں کے استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے ڈیووس فورم 2023ء کے ایجنڈے پر موجود اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا، سوئٹزرلینڈ میں سعودی سفیر ڈاکٹر عادل مرداد اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر عبدالرحمان الدواد بھی ملاقات میں شریک ہوئے .
ملاقات کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ اپنے بھائی شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے مل کر خوشی ہوئی، عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی توثیق کی، سعودی عرب کی دیرینہ حمایت کے لیے اظہار تشکر اور تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا .
علاوہ ازیں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے فن لینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی ملاقات کی، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کا تجارت، توانائی اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون میں وسعت کا عزم کیا گیا ہے جب کہ وزیر خارجہ بلاول نے جنیوا کانفرنس میں بھرپور تعاون پر فن لینڈ کے وزیر خارجہ سے اظہار تشکر کیا .

. .

متعلقہ خبریں