پی ٹی آئی کا فواد چوہدری کی گرفتاری پر ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا . جیو نیوز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے کو حکومت کی انتقامی کارروائیاں قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں عمران خان نے تحریک انصاف کی سینئر قیادت کو زمان پارک میں طلب کر لیا ہے، عمران خان رہنماؤں سے موجوہ صورتحال پر جوابی حکمت عملی کے لیے مشاورت کریں گے جب کہ اجلاس میں دیگر پارٹی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں پر ردعمل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی .


علاوہ ازیں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے حفاظتی حکمت عملی ترتیب دے دی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے احتجاج کے حوالے سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرلی، اس دوران عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، عمران خان نے اس حوالے سے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو ہدایات جاری کردیں جس کے تحت پی ٹی آئی کارکن مختلف شفٹوں میں زمان پارک لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کریں گے .
پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف کیس انتقامی کارروائی ہے، کیوں کہ فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہراول دستے کا حصہ ہیں اور 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، اس لیے امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتار نہیں کرسکتی، ان کے اپنے کیسز عدالتوں میں ہیں . ادھر لاہور کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا راہداری ریمارنڈ منظور کر لیا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری کے راہداری ریمانڈ سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا گیا، لاہور کی کینٹ کچہری کی عدالت سے جاری تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کا طبی معائنہ کروا کر اسلام آباد لے جایا جائے، فواد چوہدری کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل کرایا جائے، اس کے بعد اسلام آباد کا سفر 3 سے 4 گھنٹے پر محیط ہے، اس لیے فواد چوہدری کو آج ہی اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے .

. .

متعلقہ خبریں