فرخ حبیب کی فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے والی گاڑی کو روکنے کی کوشش

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فرخ حبیب کی جانب سے فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے والی پولیس کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی . تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی اور دھکم پیل ہوئی جب کہ اس دوران فرخ حبیب فواد چوہدری کو لے کر جانے والی پولیس کی گاڑی کے سامنے بھی آگئے اور پولیس سے کہا کہ آپ توہین عدالت کر رہے ہیں انہیں لاہور ہائیکورٹ پیش کریں .


پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کو نظر انداز کرکے فواد چودھری کو اسلام آباد لے جارہے ہیں، کالا شاہ کا میں روک کر بھی پولیس کو دہائی دی، اس کے باوجود عدالتی احکامات نظر انداز کردئیے، کالا شاہ کاکوکے قریب ہمارے اوپر فائر بھی کیا .
دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کی، اس دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کر دی گئی، آپ کا آرڈر آگے پہچا دیا گیا .

جس پر عدالت نے قرار دیا کہ یہ باتیں چھوڑیں پہلے بتائیں فواد چوہدری کہاں ہے؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری پنجاب پولیس کے پاس ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ کوئی بات نہیں پہلے بندہ پیش کریں، لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو چھ بجے طلب کر لیا . ادھر پی ٹی آئی کی جانب سے فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے کو حکومت کی انتقامی کارروائیاں قرار دیتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں عمران خان نے تحریک انصاف کی سینئر قیادت کو زمان پارک میں طلب کر لیا ہے، عمران خان رہنماؤں سے موجوہ صورتحال پر جوابی حکمت عملی کے لیے مشاورت کریں گے جب کہ اجلاس میں دیگر پارٹی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں پر ردعمل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی .

. .

متعلقہ خبریں