عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرادیا گیا،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عمران خان کا شدید ردعمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرادیا گیا ہے، مستقبل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے . تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحق دار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی

قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کا اعلان کیا ہے جس کے ردعمل میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ، نااہل امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں معیشت کی بدانتظامی کا یہ عالم ہے کہ اس نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں تازہ اضافے اور 33روپے کی کمی کے ساتھ ڈالرکو 262.6 روپے پر پہنچا کر عوام اور تنخواہ دار طبقے کو کچل ڈالاہے .

انہوں نے کہا کہ اب 200 ارب روپے کے منی بجٹ کے ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور 35 فیصد تک مہنگائی کی غیرمعمولی شرح بھی متوقع ہے . اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملک پہلے ہی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے،آج عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں مزید بوجھ تلے آگئے . انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر35 روپے اضافہ انکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے . انہوں نے کہاکہ عوام کب تک انکی نااہلی کی قیمت ادا کریں گے؟،کیا اربابِ اختیار مزید تباہی کا انتظار کریں گے؟ . پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا کہ پہلے ہی تاریخ کی بدترین مہنگائی سے عوام پریشان. ہیں، اللہ اس قوم پر رحم کرے اور اس عذاب سے نجات دلائے . سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بڑھائیں گے، ابھی تو شروعات ہیں، مزید مہنگائی ہوگی . انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ان سے گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کرائے گا، مہنگائی کا ایک ریلہ آئے گا،

آئی ایم ایف تو اپنی شرائط منوائے گا، آئی ایم ایف کی شرائط باقی معیشت کا بیڑہ غرق کردیتی ہیں، مہنگائی تو کم نہیں ہوگی لیکن ڈیفالٹ کا رسک کم ہوجائے گا . شوکت ترین نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ برآمدات بڑھائیں، آئی ایم ایف کسی ملک کا حل نہیں ہے، ہم باربار آئی ایم ایف کے پاس اس لئے جاتے ہیں کہ سخت فیصلے نہیں لیتے، ہم ایکسپورٹ بڑھارہے تھے، ریونیو بھی 30 فیصد بڑھ گیا تھا،

یہ ہماری ڈگر پر چلتے رہتے تو حالات ایسے نہ رہتے . سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ پھنس گئے ہیں،یہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے، معیشت کو چلانا ان کا مقصد ہی نہیں تھا، اب تو برآمدات اور کم ہونا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف ہماری مشکلات کا حل نہیں ہے . انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پیر پر کھڑے ہونا ہے، ہم معاشی ایجنڈے کی تیاری کررہے ہیں، اب ہم حکومت میں آئیں گے تو سخت فیصلے کریں گے .

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم پو چکی ہے، اس لئے تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی . پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر کہا کہ سازشی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لیٹر اضافے سے عوام پر ایک اور بم گرا ہے،

کوئی تعجب نہیں کہ اسلام آباد میں پی ایس او کے علاوہ تمام پیٹرول اسٹیشن صبح سے بند تھے . پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ شیخ رشید نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مریم کے آنے کے پہلے روز 35 روپے پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر کے سلامی دی گئی ہے، شہری اب سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں . انہوں نے نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی تنخواہ کم از کم 50 ہزار روپے کی جائے .

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے عمران خان کے دور حکومت اور موجودہ دور حکومت کی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا موازنہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا . ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے دور اقتدار میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 100 ڈالر سے زائد کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل بالترتیب 150 اور 146 روپے تھا جبکہ ’امپورٹڈ حکومت‘ میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 86 ڈالر کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل بالترتیب 250 اور 262 ہوگیا .

پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کہا کہ پوری دنیا میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے، پاکستان میں امپورٹڈ حکومت نے قیمتوں میں 36 روپے کا یکمشت اضافہ کرکے عوام پر پیٹرول بم مارا ہے . انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اپنی غیرقانونی حکومت کو قائم رکھنے کیلئے آئی ایم ایف کی عوام کش پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں تاکہ انکے اللے تللے جاری رہیں . پی ٹی آئی خبیرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے،

موجودہ حکومت عوام کوختم کرنا چاہتی ہے، پہلے ہی معیشت ڈوبی ہوئی ہے . شوکت یوسفزئی نے کہا کہ امپورٹڈحکمرانوں نی غریبوں سے جینے کا حق چھیننے کی ٹھانی ہے، عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی کوبرداشت نہیں کریں گے، امپورٹڈ حکومت عوام کی جان چھوڑے، امپورٹڈ حکومت نئے انتخابات کا اعلان کرے . انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار کی تمام تھیوریاں فیل ہو چکی ہیں، ڈالر200 پر لانے کا دعویٰ کیا تھا 270 پر پہنچ گیا ہے،عوام آپ کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے . پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکدم 35 روپے اضافے کا سن کر قوم پر سکتہ طاری ہے، اسحاق ڈار نے تو آئی ایم ایف کو نکیل ڈالنے کی بڑھک لگائی تھی، آپ نے تو قوم کو نکیل ڈال کر آئی ایم ایف کے سامنے پھینک دیا . انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسا گزرا ہوجب عوام پر مہنگائی کابم گرانے کی چھٹی کی ہو،

آنے والے دنوں میں عوام پر600ارب کے ٹیکسزکا بوچھ پڑنے والا ہے . مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ دل سے ان حکمرانوں اور ان کو لانے والوں کے لئے بددعا نکلتی ہیں، ایک ہنستا بستا گھر اپنے چند ارب کیلئے اجاڑ دیا گیا، بھوک کا ایک نیا سیلاب آنے والا ہے، عوام اس کو برداشت نہیں کر پائے گی، اللہ پاکستان پر رحم فرمائے . انہوں نے کہاکہ پانامہ رانی نے اپنے قدمِ منحوس دھرتی پر رکھے اور ساتھ ہی پیٹرول کا بحران ہوگیا، آنے سے 2 روز پہلے ڈالر 260 کا ہوگیا، یہ ان کے چاچا اور انکل کی نالائقی کے ساتھ ساتھ اس بدزبان عورت کی نحوست بھی ہے . پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہاکہ مریم صفدر گزشتہ روز کہہ رہی تھی اسحاق ڈار پر یقین رکھیں،وہ مریم کہاں گئی جو کہتی تھی ایک روپیہ اضافہ ہوتا ہے تو میاں صاحب کا دل خون کے آنسو روتا ہے . انہوں نے کہاکہ یہاں تو 35,35 روپے پٹرول، ڈیزل انتہائی مہنگا کردیا گیا،اطلاعات کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا،بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا .

. .

متعلقہ خبریں