کوہاٹ (قدرت روزنامہ)تاندہ ڈیم میں ڈوبنے والے 42 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں . ریسکیو حکام نے بتایا کہ تیسرے روز تاندہ ڈیم سے مزید 11 بچوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں جس کے بعد جاں بحق بچوں کی تعداد 42 ہو گئی .
مہتمم مدرسہ عربیہ میری باش خیل شاہد نور نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشتی میں خود 57 بچوں کو سوار کرایا تھا جبکہ اب لاپتہ ہونے والے مزید بچوں کی تلاش جاری ہے .
میرا ایک بیٹا اور سگے بھتیجوں سمیت گھر کے نو بچے جاں بحق ہوئے . جبکہ کوہاٹ سیر کے لیے تانڈہ ڈیم جانے والوں کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں کشتی میں سوار ہونے سے قبل بچے قطار میں تانڈہ ڈیم کی طرف جاتے دیکھے جا سکتے ہیں . وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاندہ ڈیم ضلع کوہاٹ میں بچوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے .
پیر کووزیراعظم آفس کےمیڈیاونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لئے فاتحہ اور بلندی درجات کی دعا .
وزیراعظم نے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیاہے . وزیراعظم نےہسپتال میں زیر علاج بچوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے . وزیراعظم نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں . کمشنر کوہاٹ ڈویژن محموداسلم وزیر نے تاندہ ڈیم سانحہ پرانتہائی افسوس کرتے ہوئے اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے واقعہ کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور تحقیقات کے نتیجے میں واقعہ میں ملوث ذمہ داروں اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی .
انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں کمسن اور پھول جیسے بچے جاں بحق و متاثر ہوگئے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کہا جاتا ہے کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کے بیٹھنے کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑگیا اور ڈوب گئی . کمشنر نے کہا کہ متاثرہ بچوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہسپتال میںہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کو متاثرہ بچوں کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے .