چوہدری شجاعت سے ق لیگ چھیننے کے فسطائی ذہن کو شکست ہوئی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت سے ق لیگ چھیننے کی فسطائی ذہنیت کو شکست ہوئی . تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کو صدر برقرار رکھنے کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت کو فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں .

الیکشن کمیشن کا آرڈر ہے کہ ڈسکہ کی دھند میں نہیں فیصلے آئین کے مطابق ہوں گے .
جلاؤ،گراؤ،مار دو اور پھینک دو کی فسطائیت ملک میں مسلط نہیں،اب ہر کام آئین اور قانون کے مطابق ہو گا،چوہدری شجاعت سے ق لیگ چھیننے کے فسطائی ذہن کو شکست ہوئی . یاد رہے کہ چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا .
الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدر برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا .

الیکشن کمیشن نے ق لیگ انٹرا پارٹی الیکشن غیر قانونی قرار دے دیا . الیکشن کمیشن نے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ مسترد کردیا . الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کی پارٹی صدارت سے ہٹانے اور پارٹی انتخابات کروانے کے حوالے سے کیس کا 18 اگست کوفیصلہ محفوظ کیا تھا .
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف درخواست کی سماعت کی . چوہدری شجاعت کے وکیل نے دلائل دیئے کہ صرف سنٹرل ورکنگ کمیٹی کو عہدیدار کے خلاف تادیبی کارروائی کا حق حاصل ہے جو کہ تشکیل ہی نہیں دی گئی . انہوں نے کہا کہ پارٹی کی صدارت صرف استعفے یا موت کی صورت میں چھوڑی جا سکتی ہے . کامل علی آغا کے وکیل نے دلائل دیئے کہ کسی سیاسی جماعت کے انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہیں ہے .

. .

متعلقہ خبریں