’پرویز مشرف بڑے انسان تھے ان کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے‘

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے سابق صدر و آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف انتقال کر گئے، خدا انہیں غریق رحمت کرے .

سابق وفاقی وزیر نے لکھا کہ پرویز مشرف کی ہمیشہ پاکستان فرسٹ سوچ اور نظریہ تھا،وہ بہت بڑے انسان تھے لیکن ان کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے .

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں انتقال کرگئے، ان کی وفات کے حوالے سے سفارتی ذرائع نے بھی تصدیق کردی ہے .
بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف طویل عرصے سے بیمار تھے جس کے باعث وہ دبئی میں امریکن یسپتال میں زیر علاج تھے کیوں کہ سابق صدر اور پاک فوج کے سابق سربراہ 18 مارچ 2016ء سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے، عسکری ذرائع سے بھی سابق صدر کے انتقال کی خبر کی تصدیق ہوئی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سابق آرمی چیف کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا .

بتاتے چلیں کہ سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو نئی دہلی میں پیدا ہوئے، 1964ء میں پاکستان آرمی میں شامل ہوئے، انہوں نے 1965ء و 1971ء کی جنگوں میں شرکت کی جب کہ 7 اکتوبر 1998ء کو بری فوج کے چیف آف اسٹاف کے منصب پر فائز ہوئے اور 12 اکتوبر 1999ء کو انہوں نے بحیثیت آرچیف چیف اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کرلیا اور ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے . بعد ازاں اسمبلیوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، 9 سال بعد پرویز مشرف فوج کے سربراہ کے عہدے سے 28 نومبر 2007ء کو سبکدوش ہوئے اور 18 اگست 2008ء کو صدارت سے مستعفی ہوکر بیرون ملک چلے گئے .

. .

متعلقہ خبریں