’قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کی ہر ممکن مدد کریں گے‘

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اس دوران انہوں نے زلزلے سے ہونے والی اموات پر متاثرہ خاندانوں، ترک صدر اور برادرعوام سے اظہار تعزیت کیا جب کہ زخمیوں کی فوری صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور تباہی پر قابو پانے کے لیے سعودی تعاون کا وعدہ کیا .
سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ قدرتی آفت سے نمٹنےکے لیے سعودی عرب ترکیہ کی ہر ممکن مدد کرے گا اور اس کے ساتھ کھڑا ہے .

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر ترکیہ کے صدر طیب اردان نے نیک اور برادرانہ جذبات پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور اس مشکل وقت میں ترکیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کو بھی سراہا .
اسی طرح یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے شام کے صدر بشار الاسد اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان سے فون پر بات کی، اس دوران شیخ محمد نے دونوں صدور، ان کی قوموں اور آج کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جس نے دونوں ممالک کو متاثر کیا، انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی .
معلوم ہوا ہے کہ شیخ محمد نے شام اور ترکیہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس سانحے کے اثرات پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے اس مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کے دونوں ممالک کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے پر زور دیا، ہمدردی اور انسانیت کے گہرے احساس کا مظاہرہ کیا، اس کے جواب میں صدر الاسد اور صدر اردگان نے شیخ محمد کے حسن سلوک اور نیک تمناؤں کے لیے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا . یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح 7.8 شدت کے زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا، جس کے نتیجے میں اب تک 4 ہزار 300 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں مزید اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں