مسجد نبویﷺ کے بیرونی صحن میں 2 غیرمسلم خواتین کا داخلہ

مدینہ منورہ (قدرت روزنامہ) مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے بیرونی صحن میں 2 غیرمسلم خواتین کے داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جن پر حکام کی جانب سے وضاحت جاری کردی گئی . سعودی عرب کے سبق نیوز پورٹل کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ 2 غیرملکی اور غیرمسلم خواتین مسجد نبوی کے بیرونی صحن میں غلطی سے داخل ہوئی تھیں جنہیں سکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا .


اس حوالے سے انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بارے میں وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خواتین نے مقدس مقام کے لیے انتہائی نامناسب لباس پہنا ہوا تھا تاہم وہ غیرمسلم مغربی خواتین غلطی سے مسجد نبوی ﷺ کے بیرونی صحن میں داخل ہوئیں .

ایک بیان میں حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غیرملکی خواتین کو اندازہ نہیں تھا کہ اس جگہ ان کو داخلے کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اس بات کا اندازہ تھا کہ یہ مقدس مقام ہے جس کے لیے مناسب لباس زیب تن کرنا ضروری ہے لیکن جب انہیں صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا تو انہوں نے اپنی غلطی پر معذرت کی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے وہاں سے واپس روانہ ہوگئیں .
انتظامیہ نے کہا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کی غلطی کو روکنے کے حوالے سے غیرملکی سیاحوں میں آگاہی مہم چلائی جائے گی جس کے ذریعے ان میں مقدس مقامات کے تقدس کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے کسی بھی واقعے سے بچا جاسکے .

. .

متعلقہ خبریں