واحد ٹیسٹ، طالبان نے آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو گرین سگنل دیدیا

سڈنی (قدرت روزنامہ) آسٹریلیا کو واحد ٹیسٹ کیلئے طالبان کی جانب سے گرین سگنل مل گیا، کینگرو بورڈ کا کہنا ہے کہ ہوبارٹ میں افغان ٹیم کے ساتھ میچ شیڈول پر ہونے کیلئے پْراعتماد ہیں . تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو رواں برس ایشز سے قبل افغانستان کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے، یہ مقابلہ ہوبارٹ میں شیڈول ہے اور اسے رواں سال ایشیز سیریز کی تیاری کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے، افغانستان پر طالبان کے کنٹرول سے افغان کرکٹ ٹیم کے شیڈول دوروں پر غیریقینی کے بادل چھا گئے ہیں تاہم وہاں سے اب آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو گرین سگنل ملنا شروع ہوگئے ہیں .

طالبان کے کلچرل کمیشن کے ڈپٹی سربراہ احمد اللہ واثق کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کریں گے، ہماری ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرسکتی ہے اور آسٹریلین ٹیم یہاں آسکتی ہے . کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم آسٹریلیا اور افغان کرکٹ ٹیم کے درمیان ہوبارٹ میں تاریخی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کیلئے پْراعتماد ہیں، دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فوری بعد شیڈول اس دورے کو یقینی بنانے پر کام کررہے ہیں ، اس حوالے سے ہم مرکزی اور تسمانیہ کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ افغان ٹیم کی شیڈول کے تحت آسٹریلیا آمد کو یقینی بنایا جائے . یاد رہے کہ افغانستان کو سری لنکا میں پاکستان کی میزبانی کرنا تھی مگر سفری مسائل کی وجہ سے وہ سیریز ملتوی کی جا چکی البتہ افغان کرکٹ بورڈ نے ملک کی موجودہ صورتحال کے باوجود اپنی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے . . .

متعلقہ خبریں