ایون فیلڈ فیصلہ نظر ثانی کیس؛ مریم نواز کے رویے پر عدالت برہم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران ‏مریم نواز پر برہمی کا اظہار کیا . تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی تاخیر سے آمد اور اونچی آواز میں لوگوں کو سلام کہنے پر برہمی کا اظہار کیا .

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت کی . ‏مریم نواز کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں تاخیر سے آمد اور اونچی آواز میں لوگوں کو سلام کہنے پر عدالت برہم ہوگئی . عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ پہلے نیب کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا نہیں سن رہے تھے لیکن اب بنتی ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جسے یہی نہیں پتہ عدالت میں کیسے آتے ہیں اور اس کا تقدس کیا ہے تو اس کی ضمانت خارج کیوں نہ کریں؟ جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی . بعد ازاں اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہبازشریف نے قومی حکومت کی نہیں قومی مفاہمت کی بات کی لیکن میں حکومت سے بات کرنے کے حق میں بھی نہیں ہوں ، حکومت سے مفاہمت کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا . انہوں نے کہا کہ حکومت جو کچھ کررہی ہے سب قوم کے سامنے ہے ، حکومت کی 3 سالہ کارکردگی تباہی اور بربادی کی داستان ہے ، حکومتی نااہلی کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ، کیا کسی نے سنا کہ بجلی ستی ہوئی ،اشیا خورونوش کی قیمتیں کم ہوئی؟ حکومت کو اپنی کارکردگی کی پرواہ نہیں ، حکومت نےعوام دشمنی کی مثال قائم کردی ، ساڑھے 3 سالوں میں کسی نے خیر کی خبر سنی؟ حکومت کو پرواہ ہے تو بس اس بات کی کہ کیسے اپوزیشن کو تنگ کرنا ہے . مریم نواز نے کہا کہ ملک میں ظلم کی حکومت ہے ، میڈیا کو خاموش کرانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، حکومت کی توجہ میڈیا اور اپوزیشن کو کنٹرول کرنے پر ہے ، حکومت نے میڈیا کو ریگولیٹ کرنا ہے لیکن حرکتیں نہیں ٹھیک کرنی ، تمام پارٹیوں کو حکومت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے ، ملک میں پی ٹی آئی کی ناجائز اور نا اہل حکومت ہے ، حکومت سے اجازت نہیں مانگی ، میرا ایک ہی بیٹا ہے اس کے نکاح میں نہیں گئی ، جب ن لیگ کو لگے گا کہ نوازشریف کو واپس آنا چاہئیے تو وہ آجائیں گے ، اگر مگر کرنے والوں کو کہوں گی کہ نوازشریف ملک واپس آئیں گے . . .

متعلقہ خبریں