مسجد نبویﷺ میں رمضان میں لیڈیز سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

مدینہ منورہ (قدرت روزنامہ) مسجد نبویﷺ میں رمضان المبارک کے دوران لیڈیز سکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا . اردو نیوز نے الوطن اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ کا کہنا ہے اس سال رمضان کے دوران خاتون سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، خاتون سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی امن وسلامتی کے انتظامات موثر بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے .


بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ہنگامی صورتحال اور خطرات سے نمٹنے اور امن و سلامتی کے انتظامات کرنے والے ادارے اوردیگر عہدیداروں نے شرکت کی . اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے زائرین کو رمضان میں نئی سہولیات فراہم کی جائیں گی .
معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب میں رمضان اور حج سیزن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، رمضان المبارک کے آپریشنل پلان کی تیاریوں کے سلسلے میں حرمین شریفین انتظامیہ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں زائرین کی آمد کو آسان بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، آپریشنل پلان میں زائرین کی ضروریات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام خدمات کی نگرانی پر غور کیا گیا .
اس حوالے سے انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ اس سال مسجد الحرام میں رمضان کے دوران افطار دسترخوانوں کی نمبرنگ ہوگی، رمضان المبارک میں گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی دونوں مقدس مساجد میں زائرین کو معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی اور زائرین کو پیش آنے والی مشکلات کا سدباب کیا جائے گا .
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے رمضان المبارک کے حوالے سے ابلاغی پروگرام بھی ترتیب دیا ہے، جس کے ذریعے زائرین کو معتبر اور مستند آگہی عام فہم انداز میں فراہم کی جائے گی، اس کے علاوہ انتظامیہ کے اجلاس میں ماہرین کی جانب سے یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ رمضان المبارک کے دوران طلبہ کی سکولوں میں حاضری کی بجائے آن لائن تعلیم دی جائے تاکہ ٹریفک کا رش نہ ہو .
اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے حج کے لیے بھی پیشگی انتظامات شروع کردیے ہیں، اس ضمن میں وزارت صحت اور حج و عمرہ کی وزارت کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے ہیں جب کہ مکہ میونسپلٹی نے کیٹرنگ کمپنیوں کے مالکان اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے حج سیزن میں خوراک پروگرام میں حصہ لینے کے خواہشمند ادارے اپنا ڈیٹا فوری اپ ڈیٹ کریں .

. .

متعلقہ خبریں