اڑنے والی گاڑی کی 2 شہروں کے درمیان کامیاب آزمائشی پرواز

(قدرت روزنامہ)بہت جلد اپنی گاڑی کو سڑک پر دوڑانے کی بجائے فضا میں اڑانے کا خواب تعبیر پانے والا ہے . ایک کمپنی نے اپنی پروٹوٹائپ فلائنگ کار کی یورپی ملک سلواکیہ کے 2 شہروں کے درمیان کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی .

کین ویژن کی ایئر کار نامی یہ گاڑی سلواکیہ کے دارالحکومت براٹیسلاوا اور نیترا کے درمیان 35 منٹ تک پرواز کرنے میں کامیاب رہی . ایئرکار میں 160 ہارس پاور کا بی ایم ڈبلیو انجن موجود ہے جبکہ ایک فکسڈ پروپلر سے بھی لیس ہے . ایئر کار 3 منٹ سے بھی کم وقت میں طیارے سے زمینی گاڑی میں تبدیل ہوجاتی ہے . کمپنی کے مطابق اس پروٹوٹائپ گاڑی نے اب تک 40 گھنٹے سے زیادہ وقت کی آزمائشی پروازیں مکمل کرلی ہیں . یہ گاڑی 8200 فٹ کی بلندی تک پرواز کرچکی ہے اور زیادہ سے زیادہ 118 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتی ہے . سلواکیہ میں پرواز کے بعد یہ زمین پر پہنچ کر گاڑی میں تبدیل ہوئی اور شہر کے مرکز تک سفر کرکے گئی . کمپنی کے سی ای او اسٹیفن کلین نے بتایا کہ ایئر کار اب محض کوئی کانسیپٹ نہیں سائنس فکشن سے حقیقت میں تبدیل ہوچکی ہے . کمپنی کی جانب سے ایئر کار پروٹوٹائپ 2 پر کام کیا جارہا ہے جس میں 300 ہارس پاور انجن ہوگا جبکہ 186 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 621 میل تک سفر کرسکے گی . کمپنی کی جانب سے ایئرکار کے 3 اور 4 نشستوں والے ماڈلز کی تیاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے . متعدد کمپنیوں کی جانب سے اڑنے والی گاڑیوں کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے مگر اب کانسیپٹ یا پروٹوٹائپ سے آگے بڑھ نہیں سکی ہیں . اگر کوئی کمپنی اڑنے والی کمرشل گاڑی تیار کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہے تو اس کی ریگولیٹری منظوری کے لیے بھی کئی برس لگ سکتے ہیں . . .

متعلقہ خبریں