بی این پی کا عبدالرحمان کھیتران کو وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان نیشنل پارٹی نے صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا . سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پارٹی اعلامیے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عبدالرحمان کھیتران کو برطرف نہ کرنے کی صورت میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی .


قبل ازیں بلوچستان کے علاقے بارکھان سے تعلق رکھنے والے خان محمد مری کے خاندان کے 6 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا، بازیاب ہونے والوں میں ان کی بیوی گراں ناز، بیٹی فرزانہ ، بیٹے عمران ، عبدالمجید ، غفار اور ستار شامل ہیں .
ذرائع کے مطابق لیویز فورس کی جانب سے کی جانے والی مختلف کارروائیوں میں 45 سالہ گراں ناز ، 18 سالہ فرزانہ اور 12 سالہ عمران کو سبی رینج کوہلو کے پہاڑی علاقے جبکہ 19 سالہ عبدالمجید کو دکی اور 15 سالہ غفار اور 11 سالہ ستار کو ڈیرہ بگٹی بارڈر ایریا بارکھان سے بازیاب کرایا گیا ہے .
مزید برآں ذرائع نے بتایا تھا کہ مزید مغویان کے ملتان میں قید ہونے کی اطلاعات ہیں اور بازیابی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں .
دوسری جانب بارکھان میں کنویں سے ملنے والی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے اور پولیس سرجن ڈاکٹرعائشہ فیض نے بتایا کہ لاشوں میں سے ایک لڑکی کی لاش ہے جس کی عمر 17 سے 18 سال ہے، مقتولہ کو جنسی زیادتی اور تشدد کے بعد سر پر تین گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے اور شناخت چھپانے کے لیے چہرے اور گردن پر تیزاب پھینکا گیا .
ڈاکٹر عائشہ فیض نے مزید بتایا کہ قتل کی گئی لڑکی گراں ناز کی بیٹی ہوسکتی ہے جبکہ دیگر دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا، دونوں نوجوانوں کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں