پیرااولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ حیدرعلی کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

لاہور(قدرت روزنامہ) پیرالمپک کے گولڈ میڈلسٹ حیدر علی ٹوکیو سے لاہور واپس پہنچ گئے، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے خوش آمدید کہا اور پھولوں کے ہار پہناکر مبارکباد دی . ایئرپورٹ پر استقبال کرنے والوں میں حیدر علی کے گھر والے اور ان کے دوست احباب ،پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندے نصر اللہ رانا سمیت بڑی تعداد میں کھیلوں سے وابستہ افراد بھی پہنچے، اس موقع پر حیدر علی زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے .

قومی ہیرو حیدر علی نے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے یہ میڈل جیتا، عوام کا شکر گزار ہوں، گولڈ میڈل جیتنا میرا خواب تھا، گھر میں رہ کر 5 سال تک خود ٹریننگ کی . گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے حیدر علی پیرا اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں . انہوں نے ڈسکس تھرو ایونٹ میں 55.26 میٹر ڈسکس پھینک کر یہ گولڈ میڈل حاصل کیا، حیدر علی کی شاندار کارکردگی کو حکومتی اور عوامی سطح پر سراہا جارہا ہے . حکومت پنجاب کی جانب سے ان کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جلد حیدر علی کو مدعو کرکے یہ انعامی چیک دیں گے . گوجرانوالہ کے حیدر علی کا مجموعی طورپر پیرا اولمپکس میں یہ تیسرامیڈل ہے، انہوں نے 2008ء میں لانگ جمپ میں سلور میڈل جیتا، 2012ء میں وہ فٹنس مسائل کا شکارہوئے جبکہ 2016ء کے ریو پیرااولمپکس میں بھی حیدر علی نے لانگ جمپ میں کانسی کا تمغہ گلے میں ڈالا تھا، حیدر علی نے یہ کامیابی اور گولڈ میڈل پوری قوم کے نام کیا ہے . . .

متعلقہ خبریں