پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی تفصیلات مانگ لیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات مانگ لیں . ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے پنجاب کے انتخابات پر سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ کے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی مصدقہ تفصیلات مانگ لی ہیں .

ا س سلسلے میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے وفاقی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خصوصی خط لکھ دیا ہے .
خط میں وفاقی کابینہ کے 4 اپریل کے اجلاس کے شرکا، ایجنڈا، کارروائی اور فیصلوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں . فرخ حبیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی ذرائع ابلاغ نے وفاقی کابینہ کے 4 اپریل 2023 کے اجلاس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کابینہ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا ہے . چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے 4 اپریل کو آئینی درخواست نمبر 5/2023 پر اپنا فیصلہ سنایا ہے .
خط کے مطابق دستور کا آرٹیکل A-19 شہریوں کو مصدقہ معلومات تک رسائی کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے . سیکرٹری کابینہ دستورِ پاکستان اور اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت وفاقی کابینہ کے 4 اپریل کے اجلاس کے شرکا، ایجنڈا، کارروائی اور فیصلوں کی مصدقہ تفصیلات بلاتاخیر مہیا کریں .

. .

متعلقہ خبریں