سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اسکا وجود ختم ہو جائیگا: فواد چوہدری


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود ختم ہو جائے گا . لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا زمان پارک کے آپریشن کو قانونی پہلو سے چیک کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں، کارکنوں پر اے ٹی سی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ کے فیصلہ کے منافی ہیں، آج لاہور ہائیکورٹ میں ہماری رٹ کو سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے، جے آئی ٹی کو غیر آئینی طریقے سے بنایا گیا، پیر سے ہماری درخواست پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی .


ان کا کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فنڈنگ کے معاملات کہاں گئے، مسلم لیگ ن نے ایک ارب روپے کے لگ بھگ میڈیا مہم پر خرچ کیا، وہ فنڈنگ کہاں سے آئی، بینظیر بھٹو نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ فنڈنگ اسامہ بن لادن سے آئی تھی، ن لیگ کو انٹرنیشنل ٹیرر آرگنائزیشن سے حصہ ملا لیکن الیکشن کمیشن ن لیگ کی فنڈنگ معاملات کو چھپانا چاہ رہا ہے، الیکشن کمیشن کو ن لیگ،پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کے معاملات سامنے رکھنے چاہئیں .
فواد چوہدری کا کہنا تھا ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کے آگے کراچی کے عوام کو بیچ دیا، نئی مردم شماری ایم کیو ایم کے مطالبے پر ہو رہی ہے، اس پر 45 ارب روپے خرچ ہوئے، حیدرآباد اور کراچی کی مردم شماری میں 29 لاکھ کا فرق رہ گیا ہے، نئی مردم شماری پر گئے تو کراچی کی دو سیٹیں کم ہو جائیں گی، 5 سے 6 وزیروں نے خود کو پیپلز پارٹی کے آگے بیچا ہے، ایم کیو ایم کے چار پانچ وزیر فروخت بھی ہو جائیں تو فرق نہیں پڑتا، ہم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ہم کراچی کے عوام کو یقین دلانا چاہتے ہی کہ انہیں انصاف دلائیں گے .
پنجاب میں الیکشن سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا سپریم کورٹ کی حکم عدولی پر وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نااہل ہو گی، سکیورٹی پلان نہیں دیا تو آئی جی کے خلاف کارروائی ہو گی، سیکرٹری دفاع نے سکیورٹی پلان نہ دیا تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی، دو ہی صورتیں ہیں یا الیکشن ہوں گے یا وزیراعظم اور کابینہ گھر جائے گی .
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا قاسم سوری کی رولنگ کو عدالت نے غیر قانونی قرار دیا، ہم نے فیصلہ کو مانا، ہم پیپلز پارٹی یا ن لیگ نہیں کہ عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کریں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت الیکشن کے لیے وفاقی حکومت کو فنڈز جاری کرنا ہیں، فنڈز جاری نہ کرنے کی صورت میں وزیراعظم اور کابینہ نااہل ہوں گے، سپریم کورٹ فیصلے پر عمل درآمد نہ کرا سکی تو بطور ادارہ اس کا وجود ختم ہو جائے گا، اگر عدالتی فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو لوگ سڑکوں پرنکلیں گے اور حقوق مانگیں گے .

. .

متعلقہ خبریں